پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق نے بین الاقوامی ٹینس کو خیر باد کہہ دیا


لاہور (94 نیوز) پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق نے بین الاقوامی ٹینس کو باقاعدہ طور پر خیر باد کہہ دیا۔ پاکستان کے پہلے اے ٹی پی چیلنجر کپ کے افتتاح کے موقع پر انہوں نے یہ اعلان کیا۔
اعصام الحق کا کہنا تھا کہ ان کے کیریئر کا کبھی مثالی انداز میں آغاز نہیں ہوا، ان کے دیرینہ کوچ حسیب اسلم نے ابتدائی طور پر انہیں ٹرینڈ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ صرف میری والدہ کے اصرار پر انہوں نے آخرکار حامی بھری۔ میرے والدین ہی اصل قوت تھے۔ ان کا یقین ان کی قربانیاں اور ان کی حوصلہ افزائی نے مجھے وہ بنایا جو میں ہوں۔ میں اپنے تمام کوچز، مینٹورز اور ساتھی کھلاڑیوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے میری بہترین صلاحیتوں کو ابھارنے میں اہم کردار ادا کیا۔ 1990 کی دہائی کے وسط میں جب وہ جونیئر انٹرنیشنل سرکٹ پر اُبھرے، پاکستانی صحافی مستقل طور پر ان کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے رہے، انہیں مستقبل کا ستارہ قرار دیتے رہےاور ان کی کامیابیوں کو نمایاں جگہ دیتے رہے۔
انہوں نے پاکستان کے پہلے باقاعدہ تسلیم شدہ بین الاقوامی ٹینس ایونٹ، اے ٹی پی چیلنجر کپ کے آغاز کا اعلان بھی کیا،جو اعصام کے کیریئر کا آخری ٹورنامنٹ ہے، جہاں وہ مزمل مرتضیٰ کے ساتھ ڈبلز کھیلیں گے۔
تقریب میں تمام بین الاقوامی اور مقامی کھلاڑیوں کا باقاعدہ تعارف بھی کروایا گیا۔سویڈن کے ایلیاس ییمر کا کہنا تھا کہ یہ میرا یہاں پہلا تجربہ ہے،بین الاقوامی سطح پر پھیلائے گئے منفی تاثر کے برعکس، پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے،جہاں کے لوگ انتہائی دوستانہ اور خوش اخلاق ہیں۔ میں یہاں ہر لمحے سے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔
اعصام ہمیشہ میرا ساتھ دیتے رہے ہیں اور ان کے الوداعی ٹورنامنٹ کا حصہ بن کر میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں۔
پاکستان کے تجربہ کار کھلاڑی عقیل خان نے بھی اعصام کی انتھک جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ صرف دو سال میں پاکستان میں اے ٹی پی چیلنجر لانا ایک بہت بڑا کارنامہ ہے اور یہ وہ خواب تھا جو اعصام ہمیشہ دیکھتے تھے،انہوں نے پاکستان ٹینس کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ۔
ان کے علاوہ دنیا بھر کے نامور ٹینس اسٹارز ،جن میں گریگور دیمتروف، روہن بوپنا اور اونس جابیر شامل ہیں، نے گرمجوشی سے بھرپور ویڈیو پیغامات بھیجے،جن میں اعصام کی میراث کو سراہا گیا اور پاکستان میں اے ٹی پی چیلنجر کو حقیقت بنانے پر مبارکباد پیش کی گئی۔


