واسا کا ریونیو ریکوری کا ماہانہ بجٹ ٹارگٹ حاصل کرنا لازمی قرار


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے ریونیو ریکوری کا ماہانہ بجٹ ٹارگٹ حاصل کرنا لازمی قرار دیدیا ہے اور واضح کیا ہے کہ ریونیو ریکوری کے اہداف کے حصول میں کسی قسم کی کوئی سست روی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ ریونیو ڈائریکٹوریٹس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واسا فیصل آباد کے سالانہ بجٹ میں ریونیو ریکوری کے حوالے سے425 ملین روپے ماہانہ ہدف مقرر کر رکھا ہے اس لئے بجٹ ٹارگٹ کے مطابق ریونیو ریکوری کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے واضح کیا کہ ریونیو افسران و سٹاف کے لئے ریکوری کا بجٹ ٹارگٹ پورا کرنا لازمی ہو گا اس سے کم کسی صورت قابل قبول نہیں ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمرشل صارفین سے ریونیو ریکوری پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے اور اگر کوئی کمرشل صارف بلز یا واجبات کی ادائیگی سے انکار کرے تو پیرا فورس سے معاونت حاصل کی جائے۔ ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے تاکید کہ اگر کسی سب ڈویژن یا علاقہ میں سیوریج یا واٹر سپلائی کے ایشوز ہیں اور وہاں سے ریونیو ریکوری میں کمی واقع ہوئی ہے تو آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کو آن بورڈ لیا جائے اور وہاں پر سیوریج مسائل کو فوری حل کروایا جائے۔ اس طرح ایک طرف شہریوں کو نکاسی آب کی سہولیات ترجیحی بنیادوں پرمیسر آئیں گی جبکہ دوسری طرف ریونیو ریکوری میں اضافہ ممکن ہو گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریونیو ریکوری میں اضافہ ہونے سے ریونیو افسران اور سٹاف کو مزید سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ اجلاس میں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید ، ڈی ایم ڈی او اینڈ ایم عثمان ضیا ، ڈائریکٹرآئی اینڈ سی شہریارحسن ، ڈائریکٹرز ریونیو محمد اقبال ملک اور عمر افتخار و دیگر افسران نے شرکت کی۔



