تقریبات/سیمینارز

منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کی روک تھام کے عالمی دن پر این جی اوز نیٹ ورک کا سیمینار

منشیات کی لعنت سے نئی نسل کو سب نے ملکر بچانا ہے، سی ٹی او

ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ منشیات کیخلاف بھر پور عملی اقدامات کررہا ہے، کاشف ضیاء

علاج کیساتھ مریض کی بحالی ضروری ہے، ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر، چئیرمین FNN

فیصل آباد (94 نیوز) فیصل آباد این جی اوز نیٹ ورک، ہوم ٹاؤن کمیونٹی فاؤنڈیشن، سٹی ٹریفک پولیس کی زیر اہتمام منشیات کے استعمال اور اسکی اسمگلنگ کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر میٹروپلویٹن کارپوریشن ہال میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں چیف ٹریفک آفیسر مقصود احمد لون، سی او میٹروپولیٹن کارپوریشن زبیر وٹو، ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر مذمل یار، سی ای او ایجوکیشن کاشف ضیاء، چئیرمین فیصل آباد این جی اوز نیٹ ورک و صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز الائنس فاؤنڈرز میاں ندیم احمد، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ارم صدیق، ڈاکٹر ثمرین افضل، ڈاکٹر حسنین چٹھہ، محمد اطہر، سلیم بلندیا، یوسف عدنان اور ڈاکٹر مبشر باجوہ انچارج ایجوکیشن یونٹ سٹی ٹریفک پولیس نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیکل یونیورسٹی کا طلباء و طالبات، این جی اوز کے نمائندگان، سٹی ٹریفک پولیس کے اہلکار، کالجز کے طلباء و طالبات اور سول سوسائٹی نے بھر پور شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ٹی او مقصود احمد لون نے کہا کہ ہر سال 26 جون منشیات کے خاتمے کا عالمی دن منایا جاتا ہے، لیکن یہ دن ہر روز منانے کی ضرورت ہے، جس طرح منشیات ہماری نوجوان نسل کو تباہ کررہی ہے اور ہر روز منشیات استعمال کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ انتہائی خطرناک ہے۔ ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ سب ملکر اس جہاد میں حصہ لیں، اکیلی پولیس یا حکومت عوام کے تعان کے بغیر کچھ نہیں کرسکتی، ہم نے اپنی نسل کو بچانا ہے۔

ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر مذمل یار نے کہا کہ ہماری این جی اوز بہترین کام کررہی ہیں، اور آج جس طرح اتنا بڑا سیمینار کیا جا رہا ہے اس پر میں این جی اوز نیٹ ورک کے تمام ممبران کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا آج کا دن منانے کا مقصد یہ ہے کہ لوگوں میں شعور بیدار کیا جائے کہ نشہ میں گرنے والے افراد بھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں، اگر کسی وجہ سے وہ یہ غلطی کر بیٹھے اپنی زندگی کو داؤ پر لگا چکے تو ہماری بطور ڈاکٹر، سماجی کارکن بطور انسان ذمہ داری بنتی کہ اس کو اس لعنت سے چھٹکارا دلوائیں اور اس کو دوبارہ نارمل زندگی میں لیکر آئیں، حکومت اپنی جگہ کام کررہی ہے لیکن والدین کی بہت بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کی نگرانی کرٰن، انکو وقت دیں۔

چئیرمین فیصل آباد این جی اوز نیٹ ورک اور جنرل سیکرٹری یوسف عدنان نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج دنیا جتنی تیزی کیساتھ ترقی کررہی ہے اتنی تیزی سے تباہی بھی آرہی ہے، آج کے والدین کے پاس اپنی اولاد کے لئے وقت نہیں اور آج نہ صرف نوجوان بلکہ بچے بھی نشے کی لعنت میں گھر چکے ہیں بلکہ اب تو طالبات بھی نشہ کرنے لگی ہیں جو ہمارے معاشرے، ہماری حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے، انہوں نے کہا کہ اس کی ترسیل کو روکا جائے، یہ بہت بڑا مافیا ہے جو اپنے کاروبار کے لئے لوگوں کی زندگیوں کی ساتھ کھیل رہے۔ میاں ندیم احمد نے کہا کہ این جی اوز کے نمائندگان جہاد کررہے ہیں اور لوگوں کے بچوں کی زندگیاں بچانے میں مصروف عمل ہیں۔

سی ای او ایجوکیشن کاشف ضیاء، سی او میٹروپولیٹن کارپوریشن زبیر وٹو، محمد اطہر، سلیم بلندیا اور مبشر باجوہ نے کہا کہ ہم سب کو ملکر منشیات کے خلاف کام کرنے کی ضرورت ہے۔ جو لوگ یہ سمجھتے کہ منشیات کے استعمال سے ہماری پریشیانیاں ختم ہو جائیں گی وہ اندھیرے میں ہیں اور ہم نے انکو یہ بات سمجھانی ہے۔

ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ارم صدیق، ڈاکٹر ثمرین افضل اور ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر حسنین چٹھہ نے اسکے استعمال سے نقصانات، علاج اور بحالی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نشے کے استعمال کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔ اگر کوئی اس لعنت میں گھر چکا تو اسکو بچانا بھی تو ہم نے ہے۔ اسکی بحالی کے لئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور پھر دوبارہ اس پر پورا چیک اینڈ بیلنس بھی رکھنا ہے، اسکو عزت دیں، تاکہ وہ دوبارہ اس جہنم میں نہ گرجائے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button