National

Nawaz Sharif's non-bailable arrest warrant issued

Islam Abad (94 news) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیئے۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں توشہ خانہ کیس کی سماعت کیس احتساب عدالت نمبر 3 کے جج سید اصغر علی نے کی۔سماعت کے دوران سابق وزیرِ اعظم اور پیپلز پارٹی رہنما یوسف رضا گیلانی پیش ہوئے۔

اسی ریفرنس میں نامزد ملزم عبدالغنی مجید بھی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

دورانِ سماعت نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی اور تفتیشی افسر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے ملزم کے ملک سے باہر ہونے سے متعلق قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی استدعا کی گئی۔

نیب نے عدالت سے سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی۔

سردار مظفر عباسی نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کےخلاف بیرونِ ملک کے اخبارات میں اشتہار دیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ریفرنس میں شریک ملزم انور مجید دیگر ریفرنسز میں کراچی ملیر جیل میں ہیں۔

عدالت نے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کرتے ہوئے دفترِ خارجہ کو برطانیہ میں پاکستانی سفارت خانے کے ذریعے وارنٹس کی تعمیل کا حکم بھی دیا جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔

عدالت نے آصف علی زرداری کو بلاول ہاؤس کراچی کے پتے پر دوبارہ طلبی کے نوٹس جاری کر دیئے جبکہ یوسف رضا گیلانی کی مستقل حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کر دیا۔

ملزم انور مجید کے وکیل کی جانب سے وکالت نامہ جمع کرا دیا گیا، جبکہ فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری کی طرف سے عدالت میں وکالت نامہ جمع کرا دیا۔

فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو بتایا کہ آصف زرداری کراچی میں ہیں اور بیمار ہیں، وہ اسلام آباد آئے تو یہ کمرۂ عدالت لوگوں سے بھر جائے گا۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ کورونا وائرس کی وباء کی صورتِ حال میں آصف زرداری کو ذاتی حیثیت میں طلب نہ کیا جائے، زرداری نے پہلے بھی مقدمات کا سامنے کیا ہے، وہ کہیں نہیں بھاگیں گے۔

احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ آپ کو آصف زرداری نے وکالت نامہ کہاں دستخط کر کے دیا؟ ہم ان کے جس پتے پر سمن بھیجتے ہیں جواب آتا ہے کہ زرداری یہاں موجود نہیں ہیں، ہمیں بھی وہ پتہ لکھ کر دیں جہاں آصف زرداری موجود ہیں۔

فاروق نائیک نے عدالت کو آصف زرداری کا کراچی کا پتہ لکھ کر دے دیا۔

پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے عدالت سے استدعا کی کہ آصف زردرای کو ایک بار خود لازمی پیش ہونا پڑے گا، انہیں اب سمن نہیں وارنٹ بھیجیں۔

احتساب عدالت کے جج نے انہیں جواب دیا کہ ایک بار ان کے موجودہ پتے پر سمن بھیج کر دیکھ لیتے ہیں۔

عدالت میں سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی۔

یوسف رضا گیلانی کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے بار بار عدالت میں پیش ہونا مشکل ہے، اس لیے استثنیٰ دیا جائے، کئی ارکانِ پارلیمنٹ کورونا کا شکار ہوچکے ہیں۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Back to top button