قومی

نشہ انسانی زندگی کو مفلوج بنا دیتا ہے،رابعہ خالد

فیصل آباد(94 نیوز ) انجمن انسداد منشیات ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے زیر اہتمام نشہ کے نقصانات سے آگاہی کے لئے سیمینار گورنمنٹ کریسنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول شیخوپورہ روڑ میں منعقد ہوا جس کی مہمان خصوصی میڈیکل سوشل آفیسررابعہ خالد تھیں۔جنرل سیکرٹری انجمن انسداد منشیات انوار خان، کلینکل سائیکالوجسٹ ڈی ایچ کیو غلام مصطفی نیازی،ٹیچر سلیم اختر اور دیگر اساتذہ کے علاوہ طالب علم بھی شریک تھے۔

میڈیکل سوشل آفیسر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نشہ تمام برائیوں کی جڑ ہے جو انسانی زندگی کو مفلوج بنا دیتا ہے جس سے بچننا انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے طالب علموں سے کہا کہ وہ کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں جو انہیں دیگر سماجی برائیوں سے دور رکھتی ہیں۔انہوں نے انجمن انسداد منشیات کے زیر اہتمام تعلیمی اداروں میں انسداد منشیات سیمینارز کے تسلسل سے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ ایسے اقدامات نوجوان نسل کو منشیات سے دور رکھنے میں ممدومعاون ثابت ہوتے ہیں۔کلینیکل سائیکالوجسٹ  نے طالب علموں کو نشہ کی اقسام، اس کے انسانی صحت پر مضر اثرات،اس سے بچاؤ واحتیاط کے طریقوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں نشہ کے عادی افراد کی بحالی کے لئے اقدامات جاری ہیں۔ جنرل سیکرٹری نے انجمن انسداد منشیات کی کارکردگی پیش کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں منشیات کے خلاف نفرت بیدار کرنے کے لئے تمام طبقات کو کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر محمد علی کی ہدایت پر انسداد منشیات سیمینارز باقاعدگی سے جاری ہیں جس کا دائرہ بھی مزید وسیع کیا جارہاہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button