قومی

میو ہسپتال کے سیکیورٹی گارڈ کے بعد جناح ہسپتال میں وارڈ بوائے سرجن بن گیا

لاہور (94 نیوز) سرکاری ہسپتالوں کے آپریشن تھیٹرز میں لفٹ آپریٹرز، سیکیورٹی گارڈز اور وارڈ بوائے سرجن بن گئے۔ جناح ہسپتال لاہور کی ایمرجنسی کے مائنر آپریشن تھیٹر میں وارڈ بوائے کے سرجری کرنے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔اس فوٹیج میں واضح طور پر وارڈ بوائے کو ایک مریض کے ہاتھوں سے سریا نکالتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جناح ہسپتال میں مارننگ شفٹ میں اصغر ناز اور مظفر نامی وارڈ بوائے سرجری کرتے ہیں اور ایوننگ میں مولوی اعجاز نامی شخص آپریشن کرتا ہے جس کی فوٹیج جاری ہو چکی ہے۔ نائٹ شفٹ میں آپریشن تھیٹر میں اسماعیل نامی لفٹ آپریٹر اور حیدر نامی وارڈ بوائے ہر آنے والے مریضوں کی سرجری کرتے نظر آتے ہیں۔

جاری ویڈیو میں واضح دیکھا گیا ہے کہ وارڈ بوائے مولوی اعجاز ایک مریض کے ہاتھ سے سریا نکالنے کی سرجری کر رہا ہے اور اس کے اردگرد کوئی جونیئر ڈاکٹر تک موجود نہیں ہے۔

ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر یحییٰ سلطان کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی کے مائنر آپریشن تھیٹر میں ہمارے سینئر اور جونیئر ڈاکٹرز ہر وقت موجود رہتے ہیں، اس کے باوجود اگر کوئی کوتاہی ہوئی ہے تو ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی ایک ایسی ہی خبر منظر عام پر آئی تھی جو کہ لاہور کے میو اسپتال کی تھی۔خبر کے مطابق لاہور کے میو ہسپتال میں سابق سیکیورٹی گارڈ نے ڈاکٹر کا روپ دھار کر ایک خاتون کی سرجری کر دی جس کے نتیجے میں خاتون کی موت ہو گئی تھی۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق محمد وحید بٹ نے دو ہفتے قبل 80سالہ خاتون شمیمہ بیگم کی کمر کے زخم کی سرجری کی تھی اور اتوار کے روز خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔ہسپتال کے انتظامی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط بتایا کہ یہ ایک بڑا ہسپتال ہے، ہم ہر ڈاکٹر اور ہر کسی پر نظر نہیں رکھ سکتے کہ وہ کیا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ آپریشن تھیٹر میں بہروپیے نے کس قسم کی سرجری کی جہاں سرجری کے موقع پر ان کے ساتھ ایک اہل ٹیکنیشن بھی موجود تھا۔متاثرہ خاتون شمیمہ بیگم کے اہل خانہ نے آپریشن اور گھر پر آ کر زخم کی مرہم پٹی کرنے کے لیے سیکیورٹی گارڈ محمد وحید بٹ کو رقم کی ادائیگی کی تھی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button