میاں منشاء کو نیب میں طلب کیے جانے پر نشاط گروپ بھی میدان میں آگیا،


لاہور(ویب ڈیسک) نشاط گروپ کا کہنا ہےکہ مخصوص حلقوں کی جانب سےجھوٹی، فضول اور بغض پر مبنی مہم جاری ہے جس کا مقصد نشاط گروپ کا نام بدنام کرناہے، دوسری جانب نیب نے 95ملین ڈالرز منی لانڈرنگ کی تحقیقات میں میاں منشا ءکو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ۔
نشاط گروپ کےجاری بیان کے مطابق مخصوص حلقے نشاط گروپ کے اسپانسر میاں محمد منشا کی ذاتی شہرت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں اور اب سینٹ جیمز ہوٹل اینڈ کلب برطانیہ کے حصول کے حوالے سے چیلنجز پیدا کیے جارہے ہیں، ماضی میں ایسی کوششیں ناکام ہوچکی ہیں خاص طور پر اس ہوٹل کےخلاف بنائے گئے کیس کو اسلام آباد ہائی کورٹ کا ایک بینچ مسترد کرچکا ہے۔اس طرح میاں منشاکی شہرت کو نقصان پہنچانے میں ناکامی پر مایوس ان حلقوں نے اب ایک من گھڑت، فضول شکایت نیب میں دائر کی ہے اور نشاط گروپ کو یقین ہے کہ یہ کوشش بھی ناکام ہوگی۔
قبل ازیں نیب لاہور نے ملک کے معروف صنعت کار میاں منشا ءکو95ملین ڈالرز منی لانڈرنگ کی تحقیقات میں 17اگست کو طلب کر تے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر سوالات کے جواب دیں ۔
نیب ذرائع نے بتایا کہ میاں منشا پر الزام ہے کہ انہوں نے 95ملین ڈالرز منی لانڈرنگ کے ذریعے برطانیہ منتقل کیے ۔نیب کی 3رکنی ٹیم میاں منشا سے تحقیقات کر یگی ۔ نیب لاہور کو میاں منشا کے خلاف پاکستان ورکر پارٹی کے فاروق سہلریا نے درخواست دی تھی ،فاروق سہلریا چند روز قبل نیب لاہور کی تحقیقاتی ٹیم کو اپنا بیان ریکارڈ کرواچکےہیں ۔ نیب حکام نے میاں منشا کو ہدایت کی ہے کہ وہ ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر سوالات کے جواب دیں ۔
علاوہ ازیں شہزاد سلیم کو 13 اگست کو نیب لاہور میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے نوٹس میں کہا گیا کہ فواد حسن فواد کیس کے سلسلے میں آپ ضروری معلومات نیب کو فراہم کریں ۔



