ملٹی سٹوری بلڈنگز میں آگ بجھانے والے آلات ایک ہفتے میں نصب کرلئے جائیں، کمشنر فیصل آباد


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق ڈویژنل انتظامیہ نے تمام ملٹی سٹوری بلڈنگز میں آگ بجھانے والے آلات نصب کرنے کے لئے ایک ہفتہ کا وقت دے دیا۔اس ضمن میں سول ڈیفنس اور ریسکیو1122 کو مارکیز،ہوٹلز،ریسٹورنٹس،شاپنگ مالز،صنعتی یونٹس،ہاؤسنگ سوسائٹیز،پبلک دفاتر،تعلیمی اداروں کو نوٹس بھجوانے اورآگ بجھانے والے آلات کی دستیابی یقینی بنوانے کا حکم دیا گیا ہے۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنرکیپٹن(ر) ندیم ناصرکے علاوہ ریسکیو1122،انڈسٹریز،ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔کمشنر نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے موک ایکرسائزز کا انعقاد بھی کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ بعد وہ خود ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ فائر سیفٹی اقدامات کو چیک کرنے کے لئے دورے کریں گے اورعدم تعمیل پر جرمانہ اور عمارت سیل کردی جائے گی۔



