تقریبات/سیمینارز

صداقت، عدالت اور شجاعت پر عمل پیرا ہوکراصل ترقی اور خوشحالی ممکن ہے، ڈی سی

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکاشف رضا اعوان،سی ای او ایجوکیشن افتخارخان، ڈی او سکینڈری ملک منظور، سابقہ اعزازی ڈپٹی کمشنرمروا بسراودیگر 9 طلباء بھی شریک

فیصل آباد(94 نیوز) ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ صداقت، عدالت اور شجاعت پر عمل پیرا ہوکر ہی اصل ترقی اور خوشحالی ممکن ہے اور یہی آج کے دن کا پیغام بھی ہے۔

انہوں نے یہ بات مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے145 ویں یوم ولادت کے موقع پر ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے اشتراک سے میٹروپولیٹن کارپوریشن میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز کاشف رضا اعوان،سی ای او ایجوکیشن افتخارخان، ڈی او سکینڈری ایجوکیشن ملک منظور احمد علاوہ تقریب میں سابقہ اعزازی ڈپٹی کمشنرمروا بسرا اور اس دوڑ میں شامل دیگر 9 طالب علم بھی شریک ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ علم کا حصول اور عمل کا تسلسل اقبال کے بنیادی افکار ہیں اوریوم اقبال کے موقع پر فلسفہ خودی کو رہنما بناتے ہوئے وطن عزیز کوتیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا پختہ عزم کرنا ہوگا یہی اقبال کا خواب تھا جسے شبانہ روز محنت کے ذریعے پورا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کا ہر شعرفکری اور تعمیری جستجو اجاگر کرتا ہے اور فکر اقبال ہماری رہنمائی کے لئے موجود ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ علامہ اقبال کے افکار کو صدق دل سے اختیار کریں تو دنیا میں ممتاز مقام حاصل کرسکتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے تقریب کے دوران طالب علموں کو مخاطب کرتے ہوئے علامہ اقبال کے شعر ”سبق پھر پڑھ صداقت کا عدالت کا شجاعت کا، لیا جائے گا کام تجھ سے دنیا کی امامت کا” پڑھا۔ انہوں نے یوم اقبال کی تقریب میں تقاریر،خاکوں اور کلام اقبال پیش کرنے والے طالب علموں کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ اقبال اسلام کے آفاقی پیغام کے علمبردار ہیں جوہر زمانے میں زندہ وپائندہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا اتحاد ہی اقبال کا پیغام ہے۔انہوں نے کہا کہ اقبال نے نوجوانوں کو شاہین قرار دیا ہے جنہیں اقبال کے بتائے ہوئے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے جس میں خوشحال مستقبل کا راز بھی مضمر ہے۔انہوں نے تقریب کے شاندار انعقاد کو سراہا اور کہا یوم اقبال کی تقریب میں مستقبل کے معماروں کے ساتھ شرکت کرکے خوشی محسوس ہوئی اور ان کی خوش قسمتی ہے کہ آنے والی نسل کے ٹیلنٹ کو پالش کرنے میں کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 145 سال گزرنے کے باوجود اقبال کا سحر ختم نہیں ہوسکا اور ان کے پایہ کا نہ کوئی شاعر پیدا ہوا۔انہوں نے کہا کہ ترقی اور مقام حاصل کرنے کے لئے سچ بات کریں، ناپ تول پورا،انصاف کی فراہمی، امر بالمعروف پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ سال 2023 میں بھی ایک دن کا اعزازی ڈپٹی کمشنر بنائیں گے جس کے لئے پروفارمہ سکولوں کو بھجوارہے ہیں جس میں نصابی وہم نصابی سرگرمیوں میں اعلی پوزیشن کے ساتھ ساتھ طالب علموں کی حاضری،رویہ کے بھی نمبر ہونگے۔تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور علامہ اقبال کے جہد مسلسل کی فکر کے فلسفے کو اجاگر کیا۔

تقریب کے دوران مختلف سرکاری ونجی سکولوں کے طلباء وطالبات نے علامہ اقبال کی زندگی،تحریک پاکستان میں ان کے جاندار کردار کے موضوعات پر تقاریر،لب پہ آتی ہے دعا بن کر تمنا میری پر خوبصورت سکرپٹ،خاکے اورکلام اقبال پر تفصیلی روشنی ڈالی۔تقریب کے دوران اعزازی ڈپٹی کمشنر کی دوڑ میں شامل طالب علموں ہمنہ عزیز،معوذ بن ریحان،محمد فیضان،حافظ عقیل،محمد ارقم،محمد کیف،محمد علی حسن ودیگر کو سرٹیفیکیٹس اور انعامات بھی دیئے گئے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button