تقریبات/سیمینارز

مزدوروں کیساتھ کسی قسم کی نا انصافی نہیں ہونے دیں گے، حکومت اور صنعت کار مزدوروں کے خون پسینے سے منافع کماتے ہیں،بابا لطیف انصاری

مزدوروں کو صرف اجرتوں کی نہیں، عزت، تحفظ اور اختیار کی لڑائی بھی لڑنی ہے، اسلم معراج

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) پاکستان لیبر قومی موومنٹ اور فائٹ اِن ایکویلیٹی الائنس پاکستان نے پاور لوم مزدوروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔ جہاں مزدور تحریک کے لیے قربانیاں دینے والے رہنماؤں اور کارکنوں کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔میٹنگ کی صدارت پاکستان لیبر قومی موومنٹ کے چیئرمین, حقوق خلق پارٹی پنجاب کے صدر بابا لطیف انصاری نے کی جبکہ جنرل سیکرٹری اسلم معراج، فائٹ اِن اکویلٹی الائنس پاکستان کے نیشنل کوآرڈینیٹر حارث احمد خان اور دیگر مزدور رہنماؤں نے خطاب کیا۔
بابا لطیف انصاری نے فیصل آباد کے پاور لوم ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ پاور لوم مزدوروں نے جس بہادری سے 68 دن مسلسل ہڑتال کر کے اپنے حقوق کی آواز بلند کی، وہ پاکستان کی مزدور تاریخ کا روشن باب ہے۔ یہ جدوجہد ثابت کرتی ہے کہ جب مزدور متحد ہوں تو کوئی طاقت انہیں جھکا نہیں سکتی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور صنعت کار مزدوروں کے خون پسینے سے منافع کماتے ہیں، مگر انہیں ان کی محنت کا جائز حصہ دینے سے گریزاں ہیں۔ہم اس ناانصافی کے نظام کو نہیں مانتے، ہم اس کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔
جنرل سیکرٹری اسلم معراج نے کہا کہ فیصل آباد کے مزدور طبقے کو آج صرف اجرتوں کی نہیں بلکہ عزت، تحفظ اور اختیار کی لڑائی بھی لڑنی ہے۔ ہم صرف تنخواہوں میں اضافے نہیں، بلکہ ایک ایسے نظام کا مطالبہ کر رہے ہیں جہاں محنت کو فوقیت اور سرمایہ کو حدود دی جائے۔فائٹ اِن اکویلیٹی الائنس پاکستان کے نیشنل کوآرڈینیٹر حارث احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا یہ جدوجہد صرف تنخواہوں کی نہیں بلکہ انصاف کی ہے۔ جب تک دولت، زمین اور طاقت چند ہاتھوں میں رہے گی، محنت کشوں کا استحصال ختم نہیں ہو سکتا۔ ہمیں اپنی مقامی تحریکوں کو عالمی تحریکوں سے جوڑ کر 99 فیصد عوام کے حقوق کی جنگ لڑنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے مزدور عدم مساوات اور طبقاتی تفریق کے خلاف جدوجہد کی علامت بن چکے ہیں، اور ان کی مزاحمت پورے ملک کے مزدوروں کے لیے امید کا نشان ہے۔میٹنگ کے اختتام پر مزدوروں نے متحد ہو کر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی تمام جائز مطالبات جن میں اجرتوں میں اضافہ، سوشل سیکیورٹی، ورکرز سیفٹی اور ٹھیکہ داری نظام کا خاتمہ شامل ہیں کی منظوری تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔پاکستان لیبر قومی موومنٹ کے چیئرمین بابا لطیف انصاری نے فیصل آباد ڈویژن بھر میں مزدوروں کی سیاسی نمائندگی کو مضبوط بنانے کے لیے بلدیاتی (لوکل گورنمنٹ) انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کیا۔بانیِ تحریک میاں عبدالقیوم کو مزدور طبقے کی بیداری، تنظیم سازی اور انقلابی جدوجہد میں ان کے تاریخی کردار پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں پروین لطیف انصاری، آمنہ رزاق، فیض بندیشہ، اسد عمران، محمد شاہد، میاں شہباز، عرفان اقبال، طیب، میاں رزاق، ملک نوید، انور انصاری، رانا ناظم، اکبر جٹ، رانا فخر، احسن گل، رانا عاطف، نبیل کمانڈو، شاہد موچھا، ظفر ناگرہ، خورشید، شوکت، بابا ارشد، نور خان بلوچ، رانا عظیم سمیت فیصل آباد ڈویژن کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی، جس سے اجلاس کو ایک بھرپور اور متحد عوامی رنگ حاصل ہوا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button