قومی

مالم جبہ ریزرٹ پراجیکٹ میگافراڈ قرار، کیس نیب ہیڈکوارٹر بھجوادیاگیا

پشاور(94نیوز) نیب خیبرپختونخواہ نے مالم جبہ ریزرٹ پراجیکٹ کیلئے محکمہ جنگلات کی زمین پر قبضے کو میگا فراڈ کیس قراردیتے ہوئے کیس نیب ہیڈکوارٹر بھجوادیاہے اور چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیرصدارت ہونیوالے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں گرفتاری یا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی جائے گی ۔

تفصیلات کے مطابق ’سیم سنز‘ گروپ آف کمپنیز کنٹریکٹ حاصل کرنے کا حقدار نہیں تھالیکن قواعدو ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسے ٹھیکہ دیدیاگیا، اس کیلئے ٹینڈرز جمع کرانے کی تاریخ میں بھی توسیع کی گئی ۔

تفتیشی افسران کی رپورٹ کے مطابق 2018ءکے اوائل میں مالم جبہ سکینڈل سامنے آیا تھا ،بدعنوانی کی واضح مثال اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر چیئرمین نیب نے انکوائری کا حکم دیاتھا، نیب خیبرپختونخوا نے انکوائری کو تفتیش میں بدلا اور موجودہ وزیردفاع پرویز خٹک، وزیراعلیٰ محمود خان ، صوبائی وزیر کھیل و ثقافت عاطف خان اور کئی بیوروکریٹس کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔

سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے آسٹریلین حکومت یا پی اے ایف کو اس منصوبے کا ٹھیکہ دینے کا فیصلہ کیا لیکن ٹورازم ڈیپارٹمنٹ نے ایسا کوئی معاہدہ نہیں کیا۔ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ اس منصوبے کے لیے کوئی فزیبلٹی، تکنیکی یا مالی کرائیٹیریا مقرر نہیں کیاگیا ، ٹورازم ڈیپارٹمنٹ نے تجربہ رکھنے والی کمپنیوں سے ٹینڈرز طلب کیے جبکہ مذکورہ کمپنی کے پاس ہوٹل یا چیئرلفٹ چلانے کا کوئی تجربہ نہیں تھا، لہٰذا یہ کمپنی مطلوبہ شرائط پر پوری نہیں اترتی تھی ، اس کے باوجود سب کمیٹی نے ٹیکنیکل کرائیٹیریا کی بنیاد پر اسے 60.5نمبر دے دیئے جبکہ تحقیقات کے دوران اس ضمن میں کوئی وضاحت پیش نہیں کی گئی ۔

رپورٹ کے مطابق ٹینڈرز جمع کرانے کی تاریخ 31مارچ 2014تک تھی لیکن اس میں 10اپریل تک توسیع کی گئی اور اس سلسلے میں 14اپریل کو نوٹیفکیشن جاری کیاگیا۔ سیم سنز گروپ آف کمپنیز نے 31مارچ کے بعد ٹینڈ ر جمع کرایا اور ٹینڈ ر کی مدت میں توسیع کا اعلان بھی صرف ویب سائٹ پر کیاگیا جوخود پیپرا رولز کے سکیشن 27کی خلاف ورزی ہے ۔ کمپنی نے 12لاکھ روپے فی ایکڑ کے حساب سے مالم جبہ ہوٹل کے لیے 60لاکھ روپے کی پیشکش کی لیکن بعد میں کمپنی نے 60،60لاکھ کی دوہوٹل اور چیئرلفٹ کے لیے الگ الگ بولیوں کی پیشکش کی جو کہ قواعد کی خلاف ورزی تھی ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button