قومی

دو ارب سے زائد لاگت کے جاری منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیاجائےگا۔ ڈویژنل کمشنر

فیصل آباد میں ایک ارب روپے کی 116سکیمیں،جھنگ میں 70کروڑ روپے کی 69،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 40کروڑ روپے کی 41اور ضلع چنیوٹ میں 20کروڑ روپے کی 24سکیمیں تکمیل کے مراحل میں ہیں

فیصل آباد(94 نیوز ) ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے کمیونٹی ڈویلپمنٹ  پروگرام کے تحت فیصل آباد ڈویژن میں دو ارب 30کروڑ روپے کی لاگت سے جاری 250ترقیاتی سکیموں کا  سو فیصد تعمیراتی کام طے شدہ مدت کے اندر مکمل کیاجائے تاکہ شہریوں کو نکاسی وفراہمی آب گلیوں ونالیوں کی تعمیر ودیگر شعبوں میں سہولیات جلد حاصل ہوسکیں۔ انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کے دوران فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام پر عملدرآمد کی پیشرفت کاجائزہ لیتے ہوئے جاری کی جس میں ڈپٹی کمشنرز فیصل آباد، چنیوٹ محمد علی،سید امان انور قدوائی،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہر رمضان، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، لوکل گورنمنٹ، واسا، روڈز ودیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات اوران پر عملدرآمد کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع فیصل آباد میں ایک ارب روپے کی لاگت سے 116سکیمیں،جھنگ میں 70کروڑ روپے کے فنڈز سے 69سکیمیں،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 40کروڑ روپے کی لاگت سے 41اور ضلع چنیوٹ میں 20کروڑ روپے کے فنڈز سے 24سکیمیں تکمیل کے مراحل میں ہیں جن کا مجموعی طور پر 49 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے۔ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے ہدایت کی ہے کہ فیصل آباد ڈویژن میں حکومت پنجاب کے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت عوام کو مختلف شعبوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کی جائے اس سلسلے میں متعلقہ محکمے تعمیراتی کام کی پیشرفت کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں تاکہ جلد ان سکیموں کی تکمیل کویقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے واضح کیا کہ دستیاب فنڈز کو تیز رفتاری سے بروئے کار لایا جائے اورفنڈز کے عدم استعمال کرنے کی قطعاً گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی پائیداری اورفنڈز کے شفاف استعمال کویقینی بنایاجائے۔انہوں نے خبردار کیا کہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت کسی بھی ترقیاتی سکیم میں تعمیراتی سست روی کرنے والے محکمے کے افسران کو جواب دہ ہونا پڑے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button