قومی

لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کو بلا مشروط بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی

عدالت نے وفاقی حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اعتراض کو مسترد کردیا

لاہور (94 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام غیر مشروط طور پر ای سی ایل سے نکالنے کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 4 ہفتوں کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

ہائیکورٹ کے جسٹس باقر علی نجفی نے حکم نامہ تحریر کراتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو 4 ہفتوں کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے وفاقی حکومت کے نمائندے کی جانب سے اٹھائے جانے والے اعتراض کو مسترد کردیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ شہباز شریف اور نواز شریف نے انڈر ٹیکنگ دی ہے، نواز شریف 4 ہفتوں کیلئے بیرون ملک جاسکتے ہیں اور علاج کے دوران اس میں توسیع بھی ہوسکتی ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف دونوں ہی علاج کیلئے بیرون ملک جاسکتے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے حوالے سے ایک ڈرافٹ فریقین کو پیش کیا تھا۔ عدالت نے اپنے ڈرافٹ میں نواز شریف کو بیرون ملک علاج کیلئے 4 ہفتوں کا وقت دیاتھا اور کہا تھا کہ اگر نواز شریف کی صحت بہتر نہیں ہوتی تو اس مدت میں توسیع کی جاسکتی ہے۔ عدالت کے ڈرافٹ میں کہا گیا تھا کہ حکومتی نمائندہ سفارتخانے کے ذریعے نواز شریف سے رابطہ کرے گا۔

عدالت کی جانب سے ڈرافٹ کو مسلم لیگ ن کے وکلا اور شہباز شریف نے قبول کرلیا تھا جبکہ سرکاری وکلا کی جانب سے اس پر اعتراض اٹھایا گیا تھا تاہم عدالت نے سرکاری وکلا کا اعتراض مسترد کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کو بیرون ملک روانگی کا پروانہ جاری کردیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button