قومی

لائیوسٹاک کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس پر خصوصی انتظامات مکمل کر لئے گئے

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈویژن کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے سلسلہ میں ڈویژن بھر میں قائم مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس پر خصوصی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر حیدر علی خان کی زیر نگرانی فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ میں مرکزی و ضلعی سطح پر خصوصی کنٹرول رومز قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں ویٹرنری عملہ تین شفٹوں میں 24 گھنٹے خدمات سرانجام دے رہا ہے تاکہ شہریوں اور مویشی پال حضرات کو بروقت اور مؤثر ویٹرنری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ڈویژن بھر میں قائم مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس پر محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے ویٹرنری ڈسپنسریز، چچڑ مار سپرے، مکھی و مچھر کنٹرول مہم، جانوروں کے علاج معالجہ، ابتدائی طبی امداد اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ماہر ویٹرنری ڈاکٹرز، ویٹرنری اسسٹنٹس اور دیگر فیلڈ سٹاف قربانی کے جانوروں کی صحت کی نگرانی اور بیماریوں کی روک تھام کیلئے مسلسل فرائض انجام دے رہے ہیں۔علاوی ازیں ڈویژن بھر کے تحصیل ہیڈکوارٹر سول ویٹرنری ہسپتالوں کو عیدالاضحیٰ کے ایام میں چھٹی کے دن بھی عارضی طور پر 24/7 فعال کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو فوری ویٹرنری سہولیات اور رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ قربانی کیلئے صرف صحت مند، صاف ستھرے اور چیچڑوں سے پاک جانور خریدیں جبکہ بیمار یا کمزور جانوروں سے اجتناب کریں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی و حیوانی صحت کے تحفظ اور محفوظ عیدالاضحیٰ کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی و حفاظتی ہدایات پر عمل کیا جائے۔شہریوں کی سہولت اور فوری رہنمائی کیلئے محکمہ لائیوسٹاک کی 24/7 ٹول فری ہیلپ لائن 08000-9211 فعال ہے جبکہ ڈویژنل اور ضلعی کنٹرول رومز بھی مسلسل عوامی خدمت، رہنمائی اور ہنگامی معاونت کیلئے متحرک ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button