تقریبات/سیمینارز

فیصل آباد کے 290 اقلیتی طلباء و طالبات کو لاکھوں روپے سکالر شپ دینے کی تقریب، مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ تھے

فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن”مریم کا خواب،اقلیت دوست پنجاب” کے تحت فیصل آباد میں مستحق اقلیتی طلبہ کے لئے ایجوکیشنل سکالرشپ تقسیم کرنے کی شاندار تقریب ڈی ایم سی ہال میں منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ تھے۔اس موقع پر فیصل آباد ڈویژن کے 290 طلباء و طالبات کو میٹرک سے پوسٹ گریجوایٹ سطح تک سکالرشپ چیکس تقسیم کئے گئے جبکہ پنجاب بھر کے1016اقلیتی طلباء اس سکالرشپ پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں۔انٹرمیڈیٹ طلباء کو30 ہزار روپے اور ماسٹرز ڈگری طلباء کو ایک لاکھ روپے تک کے چیکس فراہم کئے گئے۔صوبائی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، آپ نے اپنی کمیونٹی کی نمائندگی کرنی ہے۔”پڑھی لکھی ماں پڑھے لکھے معاشرے کی بنیاد ہے”، آنے والی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا تعلیم پر خصوصی فوکس ہے اور ایجوکیشن منسٹر بھی دن رات سرگرم ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتوں کی احساس کمتری ختم کرنا حکومت پنجاب کا ویژن ہے۔ غربت کی لکیر سے نیچے بسنے والے اقلیتی خاندانوں کو منارٹی کارڈز جاری کئے جا چکے ہیں جبکہ بنیادی سہولتوں کی فراہمی بھی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔تقریب کے دوران صوبائی وزیر نے سیلابی صورتحال پر بھی اظہار خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے 9 لاکھ کیوسک پانی چھوڑنے سے پنجاب میں سیلاب آیا ہے تاہم وزیراعلیٰ پنجاب دن رات سیلاب متاثرین کے لئے سرگرم عمل ہیں اور کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کی خدمات مثالی ہیں۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان محبت،اخوت اور بھائی چارے کا نام ہے۔ مسیحی برادری نے تعلیم، صحت اور دفاع سمیت ہر شعبے میں پاکستان کے لئے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اقلیتی نوجوانوں کے لئے ڈیجیٹل اسکلز اور سی ایس ایس کی تیاری کے لئے اکیڈمی کی مفت سہولت فراہم کی ہے جہاں اب تک دو بیچز مکمل ہو چکے ہیں اور تمام اخراجات حکومت پنجاب نے برداشت کئے ہیں۔انہوں نے طلبہ کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ”محنت کریں، وہ وقت دور نہیں جب فیصل آباد کے مسیحی نوجوان ڈپٹی کمشنر،آر پی او اور سی پی او کے عہدوں پر فائز ہوں گے۔”اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی قدسیہ بتول، سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی حاجی اکرم انصاری، خالد پرویز گل اور رانا شعیب ادریس سمیت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل عباس، سیاسی قائدین، والدین اور اساتذہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔شرکاء نے حکومت پنجاب کے ان اقدامات کو اقلیتی برادری کے روشن مستقبل کیلئے سنگِ میل قرار دیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button