فیصل آباد: چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن رانا بنیامین نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد رانا بنیامین نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر کام شروع کردیا۔سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر سلیم تقی شاہ، کنٹرولر امتحانات رانا عتیق الرحمن اور پی ایس ٹو چیئرمین رانا جمشید علی نے استقبال کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اس موقع پر انہوں نے چیئرمین بورڈ رانا بنیامین کو گلدستہ بھی پیش کیا۔ چیئرمین بورڈ نے برانچ افسران کا اجلاس طلب کیا جس میں سیکرٹری بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ نے انہیں امتحانی نظام سمیت بورڈ سے متعلقہ تمام اہم امور بارے سیرحاصل بریفنگ دی بعض مواقع پر چیئرمین بورڈ نے مختلف افسران سے سوالات بھی کئے اور کام میں مزید بہتری لانے کی بھی ہدایت کی۔چیئرمین بورڈ رانا بنیامین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ٹیم ورک کی طرح کام کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے عوام کو ریلیف ان کے گھر کی دہلیز پر پہنچانے کے ویژن کی تکمیل کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسپلن پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا اس مقصد کیلئے حاضری دونوں ٹائم بائیومیٹرک یقینی اور حاضری رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر مجھے بھی بجھوائی جائے۔ رانا بنیامین نے مزید کہا کہ فائلز کو واچ اور کام میں مزید بہتری لانے کیلئے ای فاکس پروگرام کی اشد ضرورت ہے جو مختلف اداروں میں فعال بھی ہے شعبہ آئی ٹی والے ای فاکس پرگرام جلد بنائیں اور سب کیلئے اس کی ٹریننگ کا بھی مناسب بندوبست کریں کیونکہ کام کوئی بھی مشکل نہیں ہوتا اگر تھوڑی سی توجہ اور محنت کر لی جائے تو وہی کام آسان لگنے لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے مسائل کو بھی ہم نے ہی دیکھنا اور حل کرنا ہے جس کا جو مسئلہ حل طلب ہوا انشاء اللہ اسے بھی ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا۔ اس موقع پر تمام برانچ افسران نے چیئرمین بورڈ رانا بنیامین کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ علاوہ ازیں چیئرمین بورڈ رانا بنیامین سے صدر ایمپلائیز ویلفیئر ایسوسی ایشن تعلیمی بورڈ فیصل آباد ثاقب علوی اور جنرل سیکرٹری چوہدری نسیم گجر نے اپنے دیگر عہدیداران کے ہمراہ ملاقات کے دوران چیئرمین بورڈ کو مبارکباد دی اور انہیں پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا تاہم یونین کے حوالہ سے چیئرمین بورڈ نے جلد ملاقات کرنے کا عندیہ دیا۔ اس موقع پر فدائین گروپ تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے صدر میاں عرفان شوکت نے بھی اپنے وفد مولوی افتخار احمد اور میاں شکیل احمد کے ہمراہ چیئرمین بورڈ سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور گلدستہ پیش کیا جس پر چیئرمین بورڈ نے ملاقات کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے میں انشاء اللہ اس پر پورا اترنے کی سعی کروں گا۔


