تقریبات/سیمینارز

فیصل آباد پریس کلب میں شاہد علی کو پی ایف یو جے کا مرکزی صدر، میاں ندیم احمد کو صوبائی جنرل سیکرٹری بننے پر جشن

میرا مشن ہی صحافیوں کی فلاح و بہبود اور انکے حقوق کیلئے کام کرنا ہے، جس کیلئے ہم اپنی پوری ٹیم کیساتھ کام کرکے دکھائیں گے، شاہد علی صدر پی ایف یو جے
شاہد علی نے فیصل آباد پریس کلب کو پاکستان کا بہترین پریس کلب بنایا اسی طرح وہ پاکستان بھر کے صحافیوں کیلئے کام کا عزم رکھتے ہیں، میاں ندیم احمد


فیصل آباد (94 نیوز) فیصل آباد پریس کلب میں صدر پریس کلب شاہد علی کو مرکزی صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (ورکرز) پی ایف یو جے، رانا زاہد اقبال کو اسسٹنٹ جنرل سیکرٹری مرکز اورمیاں ندیم احمد کو صوبائی جنرل سیکرٹری (پنجاب) منتخب ہونے پرصحافیوں کے بڑی تعداد نے شاندار استقبال کیا۔ پریس کلب میں پرنٹ میڈیا، الیکٹرانک میڈیا، دیجیٹل میڈیا، ایڈیٹر کونسل کے عہدیداران کے علاوہ وکلاء، سول سوسائٹی اور تاجروں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے شاہد علی، رانا زاہد اقبال اور میاں ندیم احمد کو پھولوں کے ہار پہنائے اور گلدستے پیش کئے، اس موقع پر زاہد مان،رانا محمد شریف، حنان بخاری، شوکت وٹو، ارشد انصاری، افشاں بتول، فرحان حکیم، محمد اشرف، عقیل احمد، حشمت خان، بابا سلیم شاہ اور علی اشفاق ہاشمی کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر زاہد مان، میاں ندیم احمد، شوکت وٹو، رانا زاہد اقبال، افشاں بتول و دیگر نے کہا کہ یہ فیصل آباد کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے کہ شاہد علی کو مرکزی صدر پی ایف یو جے منتخب کیا گیا ہے۔ شاہد علی کی خدمات شعبہ صحافت کے لئے نمایاں ہیں، انہوں نے ہمیشہ صحافیوں کے حق کی بات کی ہے۔ نو منتخب صوبائی جنرل سیکرٹری پی ایف یو جے میاں ندیم احمدنے کہا کہ جس طرح شاہد علی نے فیصل آباد پریس کلب کو پاکستان کا بہترین پریس کلب بنایا ہے، جہاں پر صحافیوں کیلئے انڈور گیمز، جم کلب، سوئمنگ پول جیسی سہولیات فراہم کی ہیں، اسی طرح وہ اب پاکستان بھر کے صحافیوں کے حقوق کی جنگ لڑیں گے، اور صحافیوں کو انکے حقوق دلوا کررہیں گے،انہوں نے کہا کہ شاہد علی جیسے قائد ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جو صحافیوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اس موقع پر شاہد علی مرکزی صدر پی ایف یو جے نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ پاکستان بھر کے صحافیوں نے ان پر اعتماد کیا اور انکو مرکزی صدر منتخب کیا، میں اس موقع پر گوجرانوالہ کے صحافیوں اور خصوصی طور پر جی یو جے کے ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ایف ای سی کا اہتمام کیا اور بہترین انتظامات کئے۔ انہوں نے کہا کہ میرا مشن ہی صحافیوں کی فلاح و بہبود ہے جس کیلئے ہم اپنی پوری ٹیم کیساتھ کام کرکے دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی ہم نے نہ صرف فیصل آباد بلکہ دیگرشہروں کے صحافیوں کیلئے بھی خدمات سرانجام دی ہیں۔ انہوں نے پاکستان بھر کے صحافیوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button