فیصل آباد سمیت پنجاب کے پانچ شہروں میں ”سکھ دا ویہڑا” منصوبہ شروع کرنے کا پروگرام ترتیب دیدیا گیا

سیکرٹری سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب جاوید اختر محمود،کمشنر مریم خان، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضا، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر آمنہ عالم کا چک نمبر 242 ر۔ب دسوہہہ میں منصوبے کی مجوزہ سائٹ کا دورہ

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبے کے پانچ بڑے شہروں میں ”سکھ دا ویہڑا” منصوبہ شروع کرنے کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت فیصل آباد میں بھی فیملی سپورٹ اینڈ میڈی ایشن کمپلیکس قائم کیا جائے گا۔ اس منصوبے کا مقصد خاندانی تنازعات کے حل کے لئے ایک باوقار، محفوظ اور معاون ماحول فراہم کرنا ہے۔ سیکرٹری سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب جاوید اختر محمود نے کمشنر فیصل آباد ڈویژن مریم خان کے ہمراہ چک نمبر 242 ر۔ب دسوہہہ میں منصوبے کی مجوزہ سائٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضا، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران بھی موجود تھے۔ سیکرٹری سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال اور کمشنر فیصل آباد نے مجوزہ سائٹ پر منصوبے کے حوالے سے بریفنگ بھی لی۔اس موقع پر سیکرٹری سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب جاوید اختر محمود نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ”سکھ دا ویہڑا” منصوبہ خاندانی مسائل اور تنازعات کو حل کرنے کے لئے انقلابی کردار ادا کرے گا۔ منصوبے کے تحت فیملی کورٹس، میڈی ایشن اور کونسلنگ سروسز فراہم کی جائیں گی۔ بچوں کے ماہرینِ نفسیات، گھریلو تشدد کا شکار افراد کے لئے تھراپی، قانونی آگاہی اور معاونت کی سہولیات بھی کمپلیکس میں میسر ہوں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کی سہولت کے لئے کافی شاپ اور بچوں کے لئے محفوظ پلے زون بھی قائم کیا جائے گا۔جاوید اختر محمود نے بتایا کہ منصوبے کے لئے پی سی ون تیار کر لیا گیا ہے اور جگہ فائنل ہوتے ہی کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔کمشنر فیصل آباد مریم خان نے اس موقع پر کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ اس اہم منصوبے کے لئے محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سے مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے پر کام شروع ہونے کے بعد اس کی پیشرفت کو ڈویژنل انتظامیہ خود مانیٹر کرے گی تاکہ منصوبہ بروقت اور معیاری انداز میں مکمل ہو سکے۔



