فیصل آباد: ایپکا کے تعاون سے میونسپل کارپوریشن ملازمین کے لئے سہولت خدمت کارڈ کا اجرا کردیا گیا


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) مہنگائی اور معاشی دباؤ کے اس مشکل دور میں ایپکا / ایپکفا ایسوسی ایشن اور آل پاکستان میونسپل ایمپلائز فیڈریشن نے میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے سرکاری ملازمین کے لیے ایک انقلابی فلاحی قدم اٹھاتے ہوئے خدمت کارڈ متعارف کروا دیا، یہ منصوبہ 277 گروپ آف لیمیٹڈ کمپنیز پنجاب کے ساتھ باقاعدہ تحریری معاہدے کے تحت لانچ کیا گیا جس کا مقصد ملازمین کو روزمرہ ضروریات کی اشیاء رعایتی نرخوں پر مہیا کرنا ہے، اس حوالے سے کمشنر فیصل آباد اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی جانب سے بھی فیصل آباد کے تمام اداروں کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایپکا / ایپکفا ایسوسی ایشن و آل پاکستان میونسپل ایمپلائز فیڈریشن کے تعاون سے 277 گروپ آف لیمیٹڈ کمپنیز پنجاب کارپوریشن ملازمین کو رعایتی قیمت (ہول سیل ریٹ) اور فری ہوم ڈیلیوری کی سہولت کے ساتھ 35000~10000 تک کا گھریلو راشن دے رہی ہے جس کی پیمنٹ ہر ماہ کی 05 تاریخ تک واپس جمع کروانا ہو گی، ریگولر ممبر جو اپنی ادائیگی بروقت کرے گا اس کو اس کی بیٹی، بیٹے، بہن یا بھائی کی شادی پر 03 لاکھ روپے تک سامان جہیز اور ہول سیل ریٹ پر کھانے پینے کی اشیاء 06 ماہ کی برابر اقساط میں بغیر کسی اضافی چارجز ، مارک اپ وغیرہ کے فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ گیس یا بجلی کا بل زیادہ آنے کی صورت میں بغیر کسی اضافی چارجز کے دو ماہ کی برابر اقساط میں جمع کروا سکتے ہیں۔ کسی قسم کی کوئی اضافی پیمنٹ یا جرمانہ عائد نہیں ہو گا۔ ملازمین اس سہولت سے مستفید ہونے کے کیلئے ایپکا آفس سے رجسٹریشن فارم حاصل کر کے اپنا کارڈ حاصل کر سکیں گے۔ ایپکا / ایپکفا ایسوسی ایشن و آل پاکستان میونسپل ایمپلائز فیڈریشن میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے مرکزی عہدیداران میاں انور حسین ، رانا سعید ، سید طاہر منظور شاہ ، رانا عارف، میاں وحید نواز ، میاں ذیشان، رانا اسلم و دیگر عہدیداران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کو ریلیف اور انکے مسائل پر ممکن طریقہ سے قانون کے مطابق حل کئیے جائیں گے۔



