قومی

غیرقانونی ہاؤسنگ اسکیموں کیخلاف ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیمیں سرگرم عمل ہیں، ڈائریکٹر جنرل محمد آصف چوہدری

فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ غیرقانونی ہاؤسنگ کے خلاف سخت ترین پالیسی اختیار کی گئی ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیمیں سرگرم عمل ہیں جبکہ پلاٹس کی فروخت سے متعلق ”فا ئل مافیا” کی بھی سختی سے حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کے مسائل سنتے ہوئے کہی۔ ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج و دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے شہریوں سے درخواستیں وصول کیں اور ان کے مسائل حل کرنے کے لئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے۔ انہوں نے شہریوں کو بتایا کہ ایف ڈی اے کی سروسز کی معیارمیں اضافہ اور تیز رفتار ریلیف کی فراہمی کے لئے جدید اصلاحات نافذ کی گئی ہے اس سلسلے میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے آن لائن محکمانہ کارروائی مستعد انداز میں کی جارہی ہے جس کے تحت جائیدادوں کے اونر شپ کلیئرنس سرٹیفکیٹس، ٹائون پلاننگ رپورٹس، قبضہ سلپ کے رئیل ٹائم میں اجراء میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے بتایا کہ غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف آپریشن تسلسل سے جاری ہے جبکہ ایف ڈی اے سے منظور شدہ ہائوسنگ سکیموں میں بلڈنگ کنٹرول کے معاملات سے ایف ڈی اے کے دائرہ اختیار میں ہیں لہٰذا ان سکیموں میں گھر تعمیر کرنے سے قبل بلڈنگ پلان/ نقشہ جات کی منظوری ضروری ہے بصورت دیگر قصور وار قانون کی زد میں آئیں گے۔ انہوں نے مختلف شعبوں کے انچارج افسران سے کہا کہ وہ لوگوں کے مسائل /شکایات کے فی الفور حل پر خصوصی توجہ دیں اور درخواست دھندگان کے اطمینان کے مطابق داد رسی فراہم کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ماتحت سٹاف کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھیں اور کام چور، بددیانت وغفلت شعار سٹاف کے خلاف سخت ایکشن ہوناچاہیئے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button