قومی

کامیاب عورت وہ ہے جو اپنے بچوں کی اسلام کی روشنی میں تربیت کرے، شیخ خرم شہزاد

فیصل آباد(94 نیوز) لاکھوں افراد اپنے ہاتھ کی بنائی ہوئی اشیاء سے بہترین روزی کما رہے ہیں، خواتین کو بیوٹی پارلر کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر ڈیزائننگ میں بھی آگے آنا چاہیے، کامیاب عورت وہ ہے جو زمانے کی گرم و سرد ہوا میں اپنے بچوں کی اسلام کی روشنی میں تربیت کرے یہ گفتگو نور محمد انصاری انڈسٹریل سکول، سوشل ویلفیئر سوسائٹی غلام محمد آبادمیں علم و ہنر کی اہمیت بارے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی شیخ خرم شہزاد نے کہی، انہوں نے کہا کہ معاشرے میں وہی قومیں عروج اور ترقی حاصل کرتی ہیں جو اپنے حسین،روشن اور تابناک مستقبل کے لیے آج محنت کرتی ہیں، محنت کرنے والے انسان پر اللہ تعالیٰ کی خاص رحمت اور خصوصی شفقت ہوتی ہے خالق کائنات کبھی بھی کسی کی محنت کو ضائع نہیں کرتے، انہوں نے کہا کہ دستکاری کے جتنے بھی علوم ہیں ان کی افادیت ہر دور میں مسلمہ رہی ہے،آج بھی ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں افراد اپنے ہاتھ کی بنائی ہوئی اشیاء سے بہترین روزی کما رہے ہیں،انہوں نے طالبات سے کہا کہ اس میں خاص محنت سے ذاتی لگن سے، ایک نئی تکنیک کے ساتھ اس ہنر کو لے کر آگے بڑھنا ہے تو پھر رکنا نہیں ہے، ادھر ادھر بھی نہیں دیکھنا، ہمت آپ نے کرنی ہے، ارادہ آپ نے کرناہے تو پھر ایک دن وہ ضرور آئے گا، دیر سے نہیں جلد ہی آئے گا جس دن کامیابی آپ کے قدموں کو بوسہ دے رہی ہو گی، اس دن آپ پر یہ حقیقت کھل جائے گی کہ ہنر مند کبھی بھوکا نہیں مرتا۔بلاشبہ ہنر مندی کے فروغ کے لیے نور محمد انصاری انڈسٹریل سکول کی خدمات لائق صد تحسین ہیں، یہ ادارہ گزشتہ ساٹھ سال سے خواتین کو ہنر مند بنانے کے لیے جو گرانقدر خدمات سر انجام دے رہاہے وہ دوسرے اداروں کے لیے باعث تقلید ہے، انشا ء اللہ اس ادارے کی ترقی اور کامرانی کے لیے بھرپور کاوشیں بروئے کار لائی جائیں گے۔

سابق ناظم و کونسلر محمد سلیم انصاری نے کہا کہ خواتین کا ہنر مندہونا ہی معاشرے کی ترقی کا باعث ہے آج ہمارے گھروں میں جو خواتین ہنر مندی میں کمال رکھتی ہیں وہ آج بھی ہزاروں روپیہ کما رہی ہیں، موجودہ دور میں خواتین کو بیوٹی پارلر کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر ڈیزائننگ میں بھی آگے آنا چاہیے،

جنرل سیکرٹری محمد ارشد قاسمی نے بتایا کہ ادارہ میں گزشتہ ساٹھ سال سے ایک تواتر اور کامل یکسوئی کے ساتھ خواتین کوہنر مند بنانے کے لیے کاوشیں جاری ہیں، ادرے کی خصوصیت ہے کہاس میں نمودونمائش کے بغیر محض اللہ کی رضا کے لیے خواتین کو ہنرمندی کی تربیت مہیا کی جا رہی ہے، تحدیث نعمت کے طور پر عرض ہے کہ یہ ادارہ جو ۰۶۹۱ سے قائم ہے آج تک ساٹھ ہزار سے زائد طالبات ہنر مندی کی تربیت حاصل کر کے اپنے اپنے گھروں میں باعزت روزی کما رہی ہیں، حاجی ارشاد احمد انصاری نے اسلام کی روشنی میں خواتین کے حقوق و فراٗئض اور ان کی گھریلو ذمہ دارایوں کے حوالے سے بہت ہی مثالی طالبات کی رہنمائی فرماتے ہوئے کہا کہ کامیاب عورت وہ ہے جو زمانے کی گرم و سرد ہوا میں اپنے بچوں کی اسلامی کی روشنی میں تربیت کا فریضہ سر انجام دے، ہونہار طالبہ مس نسیم اختر نے سکول کے حوالے سے خوبصورت نظم پیش کی، جبکہ حافظہ صبا امین نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور ہدیہ نعت اور تلاوت قرآن مجید کی سعادت مس عائشہ نے حاصل کی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button