عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر آستانہ عالیہ گیلانیہ فیصل آباد کی جانب سے عظیم الشان اور روح پرور جلوس کا انعقاد


فیصل آباد(94 نیوز) عید میلادالنبی ﷺ کے پرمسرت موقع پر آستانہ عالیہ گیلانیہ فیصل آباد کی جانب سے ایک عظیم الشان اور روح پرور جلوس کا انعقاد کیا گیا۔ جلوس کی قیادت پیرِ طریقت، رہبرِ شریعت، پیر سید ابوالحسن رحمت اللہ شاہ الگیلانی البغدادی دامت برکاتہم العالیہ نے فرمائی۔جلوس میں عاشقانِ رسول ﷺ کی کثیر تعداد نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔ شرکاء کے ہاتھوں میں جھنڈیاں، پرچم اور بینرز تھے جبکہ فضا درود و سلام کی صداؤں سے گونج رہی تھی۔ جلوس کے دوران عاشقانِ رسول ﷺ نے نعتیہ کلام پیش کیے، ذکر و اذکار اور صلوۃ و سلام کی محفلیں سجی رہیں۔جلوس کے راستوں کو برقی قمقموں، جھنڈیوں اور سبز پرچموں سے خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا۔ راستوں میں جگہ جگہ سبیلوں، دودھ، شربت اور لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا جس سے شریک جلوس افراد اور عام عوام نے استفادہ کیا۔پیر سید ابوالحسن رحمت اللہ شاہ الگیلانی البغدادی دامت برکاتہم العالیہ نے اپنے روحانی خطاب میں حضور نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ، عشقِ رسول ﷺ کی اہمیت اور اتحادِ امت پر زور دیا۔ آپ نے فرمایا کہ میلادالنبی ﷺ محض ایک جشن نہیں بلکہ یہ ایمان کی تجدید اور زندگی کے ہر پہلو میں سیرتِ رسول ﷺ کو اپنانے کا عہد ہے۔یہ عظیم الشان جلوس ایک روحانی کیف و سرور اور پرامن فضا میں اختتام پذیر ہوا۔ شرکاء نے آخر میں اجتماعی دعا میں ملک و ملت کی سلامتی، امت مسلمہ کے اتحاد اور دنیا بھر میں امن و محبت کے قیام کی دعائیں مانگیں۔



