عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، ڈپٹی کمشنر


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈکے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر،اسسٹنٹ کمشنرز، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل، ایف ڈی اے، فیسکو، واسا اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مختلف مقامات پر فائر ہائیڈرنٹس نصب کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام کثیر المنزلہ عمارتوں میں ایمرجنسی ایگزٹ کے لئے اسٹیئر کیس (سیڑھیاں) کا ہونا لازمی قرار دیا جا چکا ہے۔ حفاظتی اقدامات مکمل نہ کرنے والی بڑی عمارتوں کو ایک ماہ کا نوٹس جاری کر کے سیل کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے تنگ بازاروں اور گنجان آباد علاقوں سے تجاوزات کے فوری خاتمے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فائر بریگیڈ اور ریسکیو گاڑیوں کی بلا رکاوٹ رسائی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔انڈسٹریل یونٹس میں بوائلرز اور پریشر ویسلز کی انسپیکشن کا عمل تیز کرنے اور فائر سیفٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ کوئی بھی بلڈنگ پلان فائر سیفٹی آلات اور فائر ہائیڈرنٹس کی موجودگی کی یقین دہانی کے بغیر منظور نہیں کیا جائے گا۔ کیمیکل، پلاسٹک اور کپڑے کی مارکیٹوں میں حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے، جبکہ پٹرول پمپس اور کمرشل پلازوں میں آگ بجھانے والے آلات نہ ہونے پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے گاڑیوں میں ایل پی جی سلنڈرز کی تنصیب اور غیر قانونی ڈی کینٹنگ کے خلاف مہم مزید تیز کرنے، فائر ہائیڈرنٹس کی قیمتیں مقرر کر کے90 روز کے لئے فکس کرنے اور مستقبل میں تعمیر ہونے والی عمارتوں میں سپرنکلر سسٹم اور اسموک ڈیٹیکٹرز کی تنصیب لازمی قرار دینے کی ہدایات دیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ آگ لگنے کی صورت میں جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کرنے کے لئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ تاجر برادری کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی دکانوں اور گوداموں میں آگ بجھانے والے آلات کاانتظام لازمی رکھیں کیونکہ انسانی جانوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔اجلاس میں کمرشل بلڈنگز کے بیسمنٹس میں وینٹیلیشن اور ہنگامی اخراج کے راستوں کی چیکنگ تیز کرنے، شہر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد اور ترقیاتی سائٹس کے گرد حفاظتی باڑ لگانے کے احکامات بھی جاری کئے گئے۔مزید برآں ڈپٹی کمشنر نے شہر کی تمام سڑکوں پر کھلے مین ہولز کو فوری بند کرنے اور ڈھکن لگانے کی سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔



