قومی

عوام کوخود ساختہ مہنگائی سے بچانے کیلئے گرانفروشوں کیخلاف بھرپور آپریشن کا فیصلہ

کمشنر کے زیرصدارت اجلاس میں ڈپٹی کمشنر،آر پی او اور سی پی او کی شرکت

فیصل آباد(94 نیوز) ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع کی انتظامیہ سے کہا ہے کہ عوام کو اشیائے ضروریہ کی خود ساختہ مہنگائی سے بچانے کے لئے گرانفروشوں کے خلاف بھرپور آپریشن کو نتیجہ خیز بنائیں۔

انہوں نے یہ بات ایک اجلاس کے دوران ڈویژن بھر میں مختلف اشیائے ضروریہ کی بازاری قیمتوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔آر پی او غلام محمود ڈوگر،ڈپٹی کمشنر محمدعلی،سی پی او اظہر اکرم ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اورضلع چنیوٹ کی انتظامیہ کے افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈویژنل کمشنر نے مختلف دالوں،بیسن،چاول،چینی،آٹا،گھی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی سرکاری طور پر مقررکردہ نرخوں کاجائزہ لیا اور کہا کہ ڈپٹی کمشنرز کی طرف سے مقرر کردہ اشیاء کے نرخ حقیقت پسندانہ اور قابل قبول ہونے چاہیں اس سلسلے میں صارفین اور دکانداروں کے مفادات کا خیال رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ مقررکردہ نرخوں پر پوری طرح عملدرآمد کویقینی بنائیں اس سلسلے میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فعال اور ذمہ دارانہ کردار ادا کریں تاکہ عوام کوحکومتی اقدامات کے واضح اثرات نظر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی،آٹے اور گھی کی قیمتوں میں کسی جگہ فرق نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جائز منافع دکانداروں کا حق ہے لیکن گرانفروشی کے ذریعے عوام کے لئے مشکلات پیدا کرنے والوں سے کوئی رعایت نہ کی جائے۔ انہوں نے ناپ تول اور اشیاء کے معیار پر نظر رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ناجائز منافع خوری کیلئے اشیائے ضروریہ کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی پر قابو پائیں اورملاوٹ مافیا کو بھی نکیل ڈالی جائے۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع میں مختلف اشیاء کی قیمتوں سے آگاہ کیا جن کا تقابلی جائزہ لیکر طلب ورسد کے لئے ضروری انتظامات کا فیصلہ کیاگیا۔آر پی او غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی گرانفروشی،ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ کی روک تھام کے لئے ریجنل پولیس بھرپور معاونت کرے گی اس سلسلے میں پوری قانونی قوت کا استعمال کیا جائے گا۔

مزید

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Close