عمران خان کو مودی کی جیت سے متعلق بیان پر لینے کے دینے پڑگئے


اسلام آباد (94نیوز) وزیراعظم عمران خان کو مودی کی جیت سے متعلق بیان پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے غیر ملکی ٹی وی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر سلگتا ہوا نہیں رہ سکتا اسے حل کر نا ہی ہوگا، اگرمودی پھر سے کامیاب ہو جاتے ہیں تو امن مذاکرات بحال ہونے کے بہتر مواقع پیدا ہوں گے۔ اس بیان کے بعد اپوزیشن کی طرف سے عمران خان پر شدید تنقید کی جا رہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ عمران خان بھارت میں مودی کی جیت کے حامی ہیں۔
سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ بھارت کے حوالے سے وزیراعظم اور وزیر خارجہ کا بیانیہ متضاد ہے۔ نفیسہ شاہ نے کہاکہ عمران خان مودی کے چیف الیکشن ایجنٹ بن گئے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہاکہ بھاڑ میں جائیں مودی اور اس کا الیکشن۔ پتہ نہیں عمران خان مودی سے ملنے کیلئے کیوں بے چین ہیں۔ بھارتی گجرات کے جلاد سے امن کی امید نہیں ہے۔ عمران خان نے مودی کو جتوانے کا ٹھیکہ لے رکھا ہے۔
جموں و کشمیر کی سابق وزیراعلی محبوبہ مفتی نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر اپنے رد عمل میں حکومتی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان کے بیان پر سخت سوچ بچار اور الجھن کا شکار ہوں گے کہ عمران خان کی تعریف کی جائے یا نہیں۔
جموں کشمیر نیشنل کانفرنس کے رہنما عمرعبداللہ نے ٹویٹر پر کہا کہ عمران خان نے مودی کے دوسری باروزیراعظم منتخب ہونے کی توثیق کی ہے جبکہ نریندرمودی عوام کو بتاتے رہے ہیں کہ پاکستان اوراس کے خیرخواہ چاہتے ہیں کہ ان کی جماعت بی جے پی انتخابات ہار جائے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارت کے عام انتخابات پر بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر بھارت میں دائیں بازو کی جماعت بی جے پی برسراقتدار آتی ہے تو شاید مسئلہ کشمیر حل ہوجائے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارت کے عام انتخابات پرعمران خان کے اس بیان کے آنے کی دیر تھی کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین کا ردعمل آنا شروع ہوا جس میں زیادہ دلچسپی بھارتی شہریوں نے لی اور ٹوئٹر پر اپنا اظہار خیال کیا۔ ردعمل دینے والوں میں سیاست دان اور صحافی بھی شامل ہیں۔



