قومی

وزیراعظم نے علامہ طاہر اشرفی کو نمائندہ خصوصی مذہبی ہم آہنگی مقرر کردیا

اسلام آباد(94 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر محمود اشرفی کو اپنا معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مقرر کردیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان  نے طاہر محمود اشرفی کو مذہبی ہم آہنگی کیلئے نمائندہ خصوصی مقرر کر دیا ہے،علامہ طاہر اشرفی کو اعزازی طور پر نمائندہ خصوصی مقرر کیا گیا ہے۔علامہ طاہر محمود اشرفی اس سے قبل متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے چیئرمین کی حیثیت سے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر صوبے میں مذہبی ہم آہنگی اور فرقہ وارانہ فسادات کے خاتمے کے لئے خدمت سرانجام دے رہے ہیں جبکہ عرب ممالک خصوصی طور پر پاک سعودی تعلقات کے حوالے سے بھی دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بڑھانے میں ان کا اہم کردار ہے ۔

اس سے قبل مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے علامہ طاہر محمود اشرفی نے مولانا فضل الرحمان کی جانب سے حکومت کو دی جانے والی "دھمکی ” کا نام لئے بغیر  جواب دیتے ہوئےکہا کہ پاکستان افغانستان نہیں اور نہ ہی یہاں کوئی افغان طالبان جیسا ہے،ہمارے ملک میں مسلح جدوجہد کا انجام ماضی کی مسلح تحریکوں سے سب کو یاد رکھنا چاہئے ،مدارس و مساجد کے طلباء کو سیاست کی آگ کا ایندھن نہیں بننے دیں گے ،تشدد کی تحریکوں اور سیاسی تحریکوں کا انجام ہمارے سامنے ہے۔انہوں  نے اپنے دوسرے ٹویٹ میں کہا کہ اگر پاک اور ملکی سلامتی کے اداروں کے خلاف مہم چلانے والے کھلے عام سازشیں کر رہے ہیں تو قوم کو ان سازشوں کے خلاف بھی بھر پور انداز میں نکلنا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ ایک نقشہ بن چکا ہے جس کا مقصد پاکستان کو شام ،عراق اور لبیا بنانا ہے ،پہلا ہدف شعیہ سنی تصادم اور دوسرا افواج پاکستان کے خلاف مہم ہے ،نقشے میں رنگ بھرنے کے لئے تیاریاں جاری ہیں ،پاکستانی قوم کو متحد ہو کر وطن کی سلامتی کو مضبوط اور محفوظ بنانا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button