قومی

سیکریٹری خزانہ عہدے سے فارغ، مراسلہ جاری

اسلام آباد (94نیوز) سیکرٹری خزانہ یونس ڈھاگہ کو عہدے سے ہٹادیاگیا جس کا وزارت خزانہ نے مراسلہ جاری کردیا۔

مراسلہ میں یونس ڈھاگہ کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ ان کی جگہ پر سیکرٹری کابینہ ڈویژن نویدکامران بلوچ کو نیا سیکریٹری خزانہ تعینات کردیاگیا۔ اسی طرح معروف افضل کو نیا سیکرٹری کابینہ ڈویژن لگادیاگیا۔

 یادرہے کہ سیکرٹری خزانہ اور مشیر خزانہ میں اختلافات کی خبریں عام تھیں اور انہیں عہدے سے ہٹائے جانے کی اطلاعات بھی تھیں۔ ذرائع کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مذاکرات کے معاملے پر وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور سیکریٹری خزانہ یونس ڈھاگا کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے ہیں، یونس ڈھاگا کا خیال ہے کہ مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے پاکستان کے لیے نامناسب معاہدے پر مذاکرات کیے اور دونوں کے درمیان یہ اختلافات آئی ایم ایف سے مذاکرات کے آخری مرحلے میں پیدا ہوئے۔
ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیرخزانہ اسد عمر سربراہی میں بننے والی ٹیم میں یونس ڈھاگا کا اہم کردار تھا اور انہوں نے مختلف طریقوں سے آئی ایم ایف کے پروگرام کو آسان بنایاتھا، دوسری جانب حفیظ شیخ پروگرام کو ’فرنٹ لوڈڈ‘ چاہتے ہیں یعنی مشکل اصلاحات کو گزرتے وقت کے ساتھ لانے کی بجائے پہلے اور فوری مکمل کرنا چاہتے ہیں،اسی وجہ سے اختلافات پیدا ہوئے اور آئی ایم پروگرام طے ہونے سے قبل آخری چند مراحل میں یونس ڈھاگا نے شرکت نہیں کی ۔
مزید

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Close