قومی

ضلعی اوور سیز کمیٹی کا اجلاس، ڈپٹی کمشنر اور چیئرمین نے مختلف محکموں سے متعلقہ مسائل کے حل کے احکامات جاری کیے

فیصل آباد(94نیوز) ضلعی اوور سیز کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر محمد علی اور چیئرمین مرزا محمد اصغر نے تارکین وطن کے مختلف محکموں سے متعلقہ مسائل وشکایات سن کر موقع پر ہی محکموں سے پراگریس رپورٹ حاصل کی اور کیسز میں فوری کارروائی کرکے رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز محمد خالد، جنرل اسسٹنٹ ریونیو محمدسرمد،ممبر کمیٹی محمد طلحہ کے علاوہ ہیلتھ، ایف ڈی اے، پراسیکیوشن،پنجاب پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران اراضی پر قبضوں،جائیدادوں کی وارثتی تقسیم، رقوم کے لین دین، جعلی دستاویزات پر فراڈ، تجاوزات، غیر ملکی ویزا میں دھوکہ دہی اور دیگر مسائل پر مشتمل 13 درخواستوں پر اوورسیز پاکستانیوں کا موقف سنتے ہوئے رپورٹس کی روشنی اور محکمانہ پیشرفت پر 6درخواستیں نمٹادی گئیں جبکہ بقیہ درخواست گزاروں کے پیش نہ ہونے پر امور کو آئندہ اجلاس تک موخر کردیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں مختلف محکموں سے متعلق اوورسیز پاکستانیوں کے مقامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں اس سلسلے میں موصول ہونے والی شکایات کا فوری نوٹس لیکر بلاتاخیر محکمانہ اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ جائیدادوں پر قبضہ و تقسیم سے متعلق اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے فوری ازالہ کے لئے ریونیو ریکارڈ کے مطابق موقع چیک کرکے رپورٹس پیش کریں تاکہ ان کے حل کے لئے مزید قانونی اقدامات کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل تیز رفتاری سے حل کرنے کے لئے واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں لہذادرخواست گزار محکمانہ پیش رفت سے مطمئن ہونے چاہئیں۔ڈپٹی کمشنر نے اوورسیز پاکستانیوں اور ان کے نمائندوں سے کہا کہ انہیں درپیش مسائل کے حل کے لئے ضلعی انتظامیہ سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور متعلقہ محکموں کو میرٹ پر کیسز نمٹانے کے لئے متحرک کیا گیا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button