قومی

سراج درانی کی گرفتاری کے بعد زرداری میدان میں آ گئے

اسلام آباد (94 نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آج سندھ اسمبلی کے سپیکر آغا سراج درانی کو گرفتار کیا گیا ہے، ایسا ہر دور میں ہوتا رہا ہے اور ہمیشہ اپنوں نے ہی ہمیں دغا دیا ہے، میں اس گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں اور اپنے خلاف آنے والے عدالت کے فیصلوں کو تسلیم کرتا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے آغا سراج درانی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آغا سراج درانی کو اسلام آباد سے کیوں گرفتار کیا گیا؟ انہیں کراچی یا حیدرآباد سے بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے لیکن اسلام آباد میں گرفتاری سے سندھ میں منفی تاثر جائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف گزشتہ روز آنے والے عدالتی فیصلوں کو تسلیم کرتے ہیں، ہم نے ہمیشہ عدالت کے فیصلوں کو مانا ہے کیونکہ ہم اداروں کو کمزور نہیں بلکہ مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ ہم نیب کے سامنے جائیں گے اور ا س کا مقابلہ کریں گے اور اگر جیل جانا پڑا تو آپ کو معلوم ہے کہ وہ شروع سے ہی میرا دوسرا گھر ہے، اس میں کوئی مسئلہ اور غم نہیں، بلاول بھی میرا اور اپنی ماں کا بیٹا ہے، اس کو کہاں ڈراتے ہو، ڈراﺅ ان کو جنہوں نے کبھی کچھ دیکھا نہیں ہے۔

ۤآصف علی زرداری نے کہا کہ ہم نے ہی اپنے دور حکومت میں ججوں کی تنخواہیں تین سے چار گنا بڑھائی تھیں جس کا مقصد ایسے لوگوں کو اس شعبے میں لانا تھا جو اچھے وکیل اور جج بن سکیں اور اس میں ہم کچھ حد تک کامیاب بھی رہے ہیں۔

پلوامہ حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ اس وقت ہنگامی حالات ہیں اور معاملہ انتہائی اہم موڑ پر پہنچ چکا ہے، جب میں صدر تھا تو اس وقت بھی ایک مسئلہ پیدا ہوا تھا جو حالیہ مسئلے سے کہیں بڑا تھا کیونکہ اس وقت ممبئی کے تاج ہوٹل پر حملہ ہوا تھا جس میں کافی غیر ملکی بھی مارے گئے تھے، اور اس کا الزام بھی پاکستان پر تھا مگر اللہ نے کرم کیا اور ہم نے دنیا کو اپنے ساتھ رکھتے ہوئے سفارتی سطح پر بھارت کو سنبھالا۔

میں سمجھتا ہوں کہ اس وقت نابالغ حکومت کو سمجھ نہیں آتی اور ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھا شخص سیاست نہیں سمجھتا اس لئے یہ مسئلہ بڑھتا جا رہا ہے، مگر میں قوم کو یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ کسی بھی حال میں بھارت کی طرف سے اگر کوئی جارحانہ پیش رفت ہوئی تو پوری قوم ایک ساتھ کھڑی ہو گی، پیپلز پارٹی بھی اپنے فوجی بھائیوں کیساتھ کھڑی ہوگی اور ڈٹ کر بھارت کا مقابلہ کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کئی سالوں سے دنیا میں تنہائی کا شکار ہے جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد مزید تنہائی کا شکار ہے، انہیں یہ تنہائی دور کرنے کی کوشش کرنی چاہئے کیونکہ اب دنیا ویسی نہیں اور چھوٹے سے چھوٹا ملک بھی بین الاقوامی سیاست اور تعلقات کے بغیر بچ نہیں سکتا، سارے ملک دیگر ممالک کو ساتھ لے کر چلتے ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں بھی ایسا ہی کرنا چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت کو کچھ وقت دیا تاکہ وہ عوام کے مسائل کو سمجھیں اور انہیں حل کریں مگر یہ کچھ نہیں کر رہے، آپ دیکھ رہے ہیں کہ سردی میں بھی بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا ہے اور گرمیوں میں آنے والے بل آپ اپنی گاڑی بیچ کر ادا کریں گے، میں سمجھتا ہوں کہ آج بھی اگر شفاف الیکشن ہوں اور پاکستان کی نمائندگی شفاف طریقے سے ٹھیک لوگوں کو ملے تو ان کی کامیابی کے امکانات زیادہ ہیں کیونکہ وہ پارلیمینٹ کو بہتر طریقے سے چلا کر مسائل حل کر سکتے ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button