قومی

ریڈیو پاکستان فیصل آباد میں کشمیر بلیک ڈے کے موقع پر مظلوم کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے خصوصی نشریات کا اہتمام

فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) ریڈیو پاکستان فیصل آباد نے آج کشمیر بلیک ڈے کے موقع پر مظلوم کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے خصوصی نشریات کا اہتمام کیا۔ یہ خصوصی ٹرانسمیشن دن بھر جاری رہی جس میں مباحثوں، تجزیوں، ڈاکومنٹری رپورٹس اور ملی نغموں کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کیا گیا اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی گئی۔ اس موقع پر اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان فیصل آباد تابندہ اقبال نے کہا کہ ریڈیو پاکستان نے ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور مظلوم عوام کی آواز کو دنیا تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور ہم کشمیری بھائیوں کی جدوجہدِ آزادی کی ہر فورم پر بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے ریاستی جبر کے ذریعے کشمیریوں کی آواز دبانے کی کوشش کی ہے لیکن اس جدوجہد کو کبھی ختم نہیں کیا جا سکتا۔ ریڈیو پاکستان کی خصوصی نشریات کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرانا ہے۔ اسی طرح ہیڈ آف نیوز سیکشن ریڈیو پاکستان فیصل آباد عفاف سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو پاکستان فیصل آباد کی خبریں اور خصوصی پروگرام نہ صرف کشمیر کے مسئلے کی تاریخی حیثیت کو واضح کرتے ہیں بلکہ بھارتی پروپیگنڈے کا موثر جواب بھی ہیں۔ میڈیا کا بنیادی کردار حقائق کو دنیا کے سامنے لانا ہے اور آج کی نشریات کے ذریعے ہم یہ واضح پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔ ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ قلم اور آواز کی طاقت کے ذریعے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت ہمیشہ جاری رکھیں گے۔ خصوصی نشریات میں ماہرینِ امورِ کشمیر، تعلیمی شخصیات اور سول سوسائٹی نمائندگان نے بھی گفتگو کی، جبکہ مقامی یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات نے کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کراتے ہوئے کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دلائے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button