قومی

خصوصی بچوں میں زندگی کی امنگ اور جوش و جذبہ بیدار رکھنا ضروری ہے، محمد آصف چوہدری

فیصل آباد(94 نیوز میاں حمزہ) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ ہر سطح کی معاشرتی ترقی کے لئے خصوصی بچوں میں زندگی کی امنگ اور جوش و جذبہ بیدار رکھنا ضروری ہے جس کے لئے انہیں تعلیم و تربیت کے ساتھ تفریحی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا قابل ستائش اقدام ہے۔ انہوں نے یہ بات خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت اور بحالی کی فلاحی خدمات میں مصروف عمل ”تنظیم اللسان” کے زیر اہتمام مین کیمپس دھوبی گھاٹ میں منعقدہ ”ونٹر فیسٹیول” میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔صدر تنظیم اللسان ڈاکٹر افتخار احمد، سینیئر صدر چوہدری سرفراز، جنرل سیکرٹری سبحان علی، ایگزیکٹو ممبر چوہدری طارق نزیر،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر بلال اصغر، پرنسپل کلثوم افتخار،وائس پرنسپل شائستہ ارشاد و دیگر منتظمین اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے رنگ برنگے غبارے فضا میں چھوڑ کر ”ونٹر فیسٹیول” کا افتتاح کیا اور مختلف سٹالز کا دورہ کرتے ہوئے خصوصی بچوں کی دلچسپی کے لئے کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر تفریح انتظامات کا جائزہ لیا۔ وہ مختلف معذوریوں میں مبتلا خصوصی طالب علموں میں گھل مل گئے اور ان سے پیار و محبت کا اظہار کرتے ہوئے ”سرما میلے”میں شرکت کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے سپیشل ایجوکیشن کے شعبے میں تنظیم اللسان کی وسیع فلاحی سرگرمیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ زیر تعلیم خصوصی بچوں کے لئے مستقل بنیادوں پر خوشیوں بھری تقریبات کا اہتمام قابل قدر اقدام ہے جس سے ان میں احساس محرومی کا خاتمہ اور معاشرے سے گہرے تعلق کا احساسات اجاگر ہوتے ہیں۔انہوں نے خصوصی بچوں کو کھانے پینے کی اشیاء مفت فراہم کرنے کے لئے موقع پر اخراجات فراہم کئے اور آئندہ ایسے فیسٹیول کے انعقاد میں بھرپور مالی معاونت کا وعدہ کیا۔اس سے قبل خصوصی بچوں نے ٹیبلوں کے ذریعے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کو خوش آمدید کہا۔ صدر تنظیم اللسان ڈاکٹر افتخار احمد نے بتایا کہ یکسانیت کے ماحول کے خاتمے کے لئے زیر تعلیم خصوصی طالب علموں کو مختلف سماجی، مذہبی اور قومی تقریبات میں حصہ لینے کے وسیع مواقع فراہم کئے جاتے ہیں جس سے ان کی خوشیاں دوبالا ہوتی ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button