قومی

فصلوں کا سردی اور کورے سے تحفظ یقینی بنائیں، ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید

فیصل آباد(94 نیوز) ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید نے کاشتکاروں کے نام ایک اہم پیغام میں کہا ہے کہ فصلوں کا سردی اور کورے سے تحفظ یقینی بنائیں۔انہوں نے بتایا کہ زیادہ سردی اور کورے کے باعث پودوں کے تنوں، شاخوں اور پتوں کے خلیوں میں پانی جم کر برف بن جاتا ہے جس سے پودوں کی بڑھوتری بری طرح متاثر ہوتی ہے اور شدید سردی کی وجہ سے پودے مربھی جاتے ہیں لہذا پودوں کو زیادہ سردی اور کورے سے بچانے کے لئے کاشتکار محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ فصلات،باغات اور سبزیوں کی ہلکی آبپاشی کریں اور باغات میں پودوں کے تنوں کو بورڈ وپیسٹ لگائیں،چھوٹی نرسریوں اور سبزیوں کو پلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ دیں اور فصل کے شمال کی طرف سرکنڈا لگادیں تاکہ فصل شمال کی طرف سے آنے والی ٹھنڈی ہوا سے محفوظ رہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ نئے چھوٹے باغات اور نرسریوں خصوصا آم کے پودوں کا کورے کی وجہ سے جھلسنے کا خطرہ ہوتا ہے اس لئے پودوں کو فوری طور پر ڈھانپ دیں۔ٹہنیوں اور سرکنڈے سے بھی پودوں کو جزوی طور پر ڈھانپا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پلاسٹک کی بوریوں سے پودوں کو ڈھانپنے کی صورت میں نیچے سے بوریوں کا منہ کھلا رکھیں اور دن کے وقت دھوپ میں پودوں سے بوریاں اتاردیں جبکہ رات کو پودوں کو دوبارہ ڈھانپ دیاجائے۔ڈائریکٹر زراعت نے بتایا کہ ضرورت پڑنے پر چھوٹی نرسریوں، باغات اور سبزیات کوسردی اور کورے سیمحفوظ رکھنے کے لئے ان کے نزدیک بعد ازسہ پہر دھواں کریں۔انہوں نے کہا کہ پلاسٹک ٹنل میں کاشتہ سبزیاں بھی زیادہ سردی یا کورے سے متاثر ہوسکتی ہیں اسی لئے کورے والی راتوں میں ٹنل کا منہ دونوں اطراف سے بند کریں تاکہ اندر کا درجہ حرارت سبزیوں کی نشوونما کے لئے موزوں رہے اور دن میں دس بجے ٹنل کا منہ کھولیں تاکہ اندر کا درجہ حرارت بڑھنے نہ پائے اور شام 4،بجے ٹنل کا منہ بند کردیں تاکہ فصل کورے سے متاثر نہ ہو۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button