فیصل آباد: پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی نے سٹی سکول کے تعاون کیساتھ بورسٹل جیل میں قیدی بچوں کو عید گفٹس تقسیم کئے


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) پرزنرز ویلفیئر سوسائٹی بورسٹل جووینائل انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام سٹی سکول کے تعاون کیساتھ بورسٹل جیل میں قیدی بچوں کیلئے عید کے تحائف تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال میڈم صوفیہ رضوان، نائب صدر میاں ندیم احمد، پرنسپل سٹی سکول ماریہ خاور، نازیہ محسن اور بچوں نے بورسٹل جیل کے قیدی بچوں میں عید گفٹس تقسیم کئے۔ اس موقع پر ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ اور بورسٹل جیل کا دیگر عملہ بھی موجود تھا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر صوفیہ رضوان ، میاں ندیم احمد اور پرنسپل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سٹی سکول کے بچوں کی قربانی ہے کہ انہوں نے اپنی جیب خرچ میں سے آپ کیلئے گفٹس کا اہتمام کیا ہے۔ پرزنرز ویلفیئر سوسائٹی بچوں کی فلاح و بہبود اور انکی رہائی کیساتھ انکی تربیت پر بھی فوکس کئے ہوئے ہے۔ میاں ندیم احمد نے کہا کہ صوفیہ رضوان نے پرزنرز ویلفیئر سوسائٹی کے تمام ممبران کا چناؤ بڑی سوچ اور سمجھ کیساتھ کیا ہے۔ جس میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہیں۔ اگر جیل انتظامیہ کا تعاون رہا تو جیل میں مزید بچوں کیلئے سہولیات اور دیگر کام کئے جائیں گے۔۔کیونکہ سماجی کارکن انسانیت کی خدمت کیلئے اپنا وقت، پیسہ اور دیگر وسائل استعمال کرتے ہیں تاکہ مظلوم لوگوں کا سہارا بنا جائے۔ سٹی سکول کے بچوں نے اپنے ہاتھوں سے قیدی بچوں میں گفٹس تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ آج بہت اچھا لگ رہا ہے کہ ہم اپنے ان بھائیوں کیلئے تحائف لیکر آئے ہیں آج دلی خوشی ہو رہی ہے ۔ انہوں نے پرزنرز ویلفیئر سوسائٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیں خدمت کا موقع فراہم کیا۔



