An agreement has been reached between GC Women University Faisalabad and Caravan Crafts Foundation to establish a digital learning hub.


Faisalabad(94 News City Reporter) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد اور کاروان کرافٹس فاؤنڈیشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کے تحت کثیر المقاصد ڈیجیٹل لرننگ ہب قائم کیا جائے گا۔ اس منصوبے کا مقصد طالبات کی ڈیجیٹل مہارتوں کو فروغ دینا، مؤثر رہنمائی (مینٹورشپ) فراہم کرنا اور خواتین کی معاشی خودمختاری کو تقویت دینا ہے۔
گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کی جانب سے مفاہمتی یادداشت پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سمین اور کاروان کرافٹس فاؤنڈیشن کی جانب سےپراجیکٹ ڈائریکٹر محترمہ آمنہ علی نے باضابطہ طور پر معاہدے پر دستخط کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے اس اشتراک کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیا اور کہا کہ یہ شراکت خواتین کو عملی اور جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے اور تعلیمی اداروں و کمیونٹی کے مابین مضبوط روابط قائم کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل لرننگ ہب طالبات کے لیے سیکھنے اور پیشہ ورانہ ترقی کے نئے دروازے کھولے گا اور یونیورسٹی کے سماجی کردار کو مزید مؤثر بنائے گا۔
اس معاہدے کے تحت گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد اور کاروان کرافٹس فاؤنڈیشن مشترکہ طور پر ڈیجیٹل اسکلز ٹریننگ، منظم مینٹورشپ پروگرامز، صلاحیت سازی کے اقدامات اور کمیونٹی سے منسلک تربیتی سرگرمیوں پر کام کریں گے، تاکہ خواتین کی معاشی شمولیت اور خودانحصاری کو فروغ دیا جا سکے۔
تقریب میں یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام اور کاروان کرافٹس فاؤنڈیشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔



