جی سی ویمن یونیورسٹی اورویمن پروٹیکشن سنٹر کے اشتراک سے”خواتین اور لڑکیوں پر ڈیجیٹل تشدد کے خاتمے کے لئے اتحاد” کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد


فیصل آباد(94 نیوز میاں ندیم احمد)گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی اورویمن پروٹیکشن سنٹر کے اشتراک سے”خواتین اور لڑکیوں پر ڈیجیٹل تشدد کے خاتمے کے لئے اتحاد” کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب صنف کی بنیاد پر تشدد کے خلاف چلنے والی16 روزہ عالمی مہم کا حصہ تھی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغہ امتیاز) نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی طالبات کو فزیکل اور ڈیجیٹل دونوں طرح کے ماحول میں تحفظ فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے ڈیجیٹل دور میں یہ تعلیمی اداروں کی اہم ذمہ داری ہے کہ وہ طالبات کو آن لائن دنیا میں خود کو محفوظ رکھنے کے طریقوں اور ضروری ٹولز سے لیس کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جی سی ڈبلیو یو ایف اپنی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں ڈیجیٹل سیفٹی، حقوق کی آگاہی اور ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دیتا رہے گا۔اس موقع پر وائس چانسلر نے اس اہم اور حساس موضوع پر سیمینار کے انعقاد میں بھرپور تعاون فراہم کرنے پر ویمن پروٹیکشن سنٹر کی ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔سیمینار کے دوران ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن آفیسر مسز کنول شہزادی، ویمن پروٹیکشن آفیسر مسز صنم زہرا اور لاء آفیسر زاہد علی شاکر نے ڈیجیٹل تشدد پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے سائبر ہراسانی، آن لائن بلیک میلنگ، ذاتی ڈیٹا کے غلط استعمال، سائبر سٹاکنگ اور ڈیجیٹل سیفٹی کے ضروری اقدامات پر روشنی ڈالی۔مقررین نے پاکستان کے سائبرکرائم قوانین کے تحت دستیاب قانونی مدد کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور شرکاء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں فوری رپورٹ کریں۔انچارج ویمن ڈویلپمنٹ اینڈ مینٹرنگ سنٹر جی سی ڈبلیو یو ایف، ڈاکٹر صدف نقوی نے صنفی اور ڈیجیٹل تشدد کے خواتین پر پڑنے والے نفسیاتی، تعلیمی اور سماجی اثرات پر گفتگو کی۔سیمینار میں فیکلٹی ممبران اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور گفتگو میں حصہ لیا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء میں آگاہی پمفلٹ اور بروشرز تقسیم کئے گئے تاکہ انہیں ڈیجیٹل سیفٹی، قانونی تحفظ اور متاثرین کے لئے دستیاب سپورٹ کے طریقہ کار کے بارے میں مزید معلومات فراہم کی جا سکیں۔



