جی سی وومن یونیورسٹی میں سپورٹس اینڈ فٹنس ارینا کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے کردیا


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی فیصل آباد میں جی سی ڈبلیو یو ایف اسپورٹس اینڈ فٹنس ارینا کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغہ امتیاز) نے بطور مہمان خصوصی کیا۔ ڈویژنل سپورٹس افیسر ساجدہ لطیف بطور مہمان اعزاز ان کے ہمراہ تھیں۔ ارینا فٹنس مشین کے ساتھ ساتھ انڈور ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن کورٹ پر مشتمل ہے جس کا مقصد طالبات کے لیے صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرتے ہوئے تعلیم کے ساتھ جسمانی صحت کو فروغ دینا ہے۔
حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کنول امین نے تندرست جسم کو مضبوط ذہن کی ضمانت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جامعہ میں طالبات کے لیے ایسا ماحول قائم کرنا چاہتی ہیں جہاں فٹنس قیادت اور جدت ساتھ ساتھ پروان چڑھے۔
مہمان اعزاز ساجدہ لطیف نے وائس چانسلر کے اقدام کو سراہتے ہوئے خواتین کے کھیلوں کے فروغ کو قابل تحسین قرار دیا اور یونیورسٹی کی کھلاڑیوں کے لیے کریسنٹ اسپورٹس کمپلیکس میں مفت فٹنس ٹریننگ کا اعلان کیا۔
افتتاحی تقریب میں تمام کوآرڈینیٹرز، ڈائریکٹرز ، صدور شعبہ جات اور شعبہ ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن کی طالبات نے حصہ لیا۔



