جھنگ: ویٹرنری سٹاف میں موٹر سائیکلوں کی تقسیمِ تقریب کا انعقاد


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کے فیلڈ سروس ڈلیوری کو مؤثر،تیز رفتار اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لئے تسلسل سے عملی اقدامات جاری ہیں اسی سلسلے میں RCCIB جھنگ میں ویٹرنری سٹاف میں موٹر سائیکلز کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی جس کا افتتاح ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر نے کیا۔تقریب میں معزز مہمانانِ گرامی کی شرکت نے پروگرام کے وقار میں اضافہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جھنگ عامر محمود،سابق صوبائی وزیر مہر اسلم بھروانہ، سابق مشیر وزیراعلیٰ نواب فیصل حیات خان جبوآنہ، سابق ایم پی اے راشدہ یعقوب شیخ، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خان امیر عباس سیال، ڈائریکٹر RCCIB عاصم توصیف، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ضلع جھنگ ڈاکٹر محمد عبدالجبار اور ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر محمد سیف اللہ اور دیگر موجود تھے۔ تقریب میں ضلع جھنگ کے 62 ویٹرنری آفیسرز میں موٹر سائیکلز تقسیم کی گئیں جو کہ بلا سود آسان اقساط پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد فیلڈ میں نقل و حرکت کو مزید مؤثر بنانا، دور دراز دیہی علاقوں تک بروقت رسائی کو یقینی بنانا اور ویٹرنری خدمات کے مجموعی معیار میں بہتری لانا ہے۔ یہ پروگرام محکمہ لائیوسٹاک پنجاب کی اس پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت عوام کو ان کی دہلیز پر بروقت اور معیاری ویٹرنری سہولیات فراہم کرنے کے لئے انفراسٹرکچر اور فیلڈ سپورٹ کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔



