قومی

جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تقریبات، تمام مکاتب فکر کے علماء کرام،مذہبی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے افراد کا تعاون ناگزیر ہے، ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر و سی پی او بلال عمر

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ضلع بھر میں جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تقریبات کے حوالے سے بھرپور انتظامی و حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں تاہم اس ضمن میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام،مذہبی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے افراد کا تعاون ناگزیر ہے تاکہ نبی برحق حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ولادت و سعادت کا مبارک دن پر امن ماحول میں پورے مذہبی عقیدت و احترام اور شایان شان طریقے سے منایا جا سکے۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصراور سٹی پولیس آفیسر بلال عمرنے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) فضل عباس بھی موجودتھے۔اجلاس میں مولانا محمد یوسف انور،صاحبزادہ پیر فیض رسول،مولانا محمد ریاض کھرل،مفتی محمد ضیاء مدنی،سید جعفر نقوی، ڈاکٹر افتخار نقوی،اسلم بھلی ودیگر نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے شرکاء کو ماہِ ربیع الاول کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ مہینہ باعثِ مسرت، رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے جو محبت، بھائی چارے اور اخوت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے امن کمیٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پورے سال کمیٹی نے بہترین تعاون فراہم کیا ہے جو قابلِ تحسین ہے اور آئندہ بھی یہ تعاون جاری رہے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرور کونین حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے گہری محبت و عقیدت تمام مسلمانوں کے ایمان کا جزو ہے جس میں کوئی اختلاف نہیں ہو سکتا تاہم شرارتی عناصر سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ جشن عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے جلوسوں کے راستوں کی صفائی ستھرائی کے علاوہ تجاوزات کے خاتمے اور دیگر رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ ریسکیو 1122 کی سروس بھی عید میلادالنبیﷺ کے جلوسوں کے ہمراہ رہے گی۔سٹی پولیس آفیسر بلال عمر نے کہا کہ عید میلادالنبیﷺ کے حوالے سے جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے اس ضمن میں جلوسوں کے روٹس پر پولیس فورس تعینات رہے گی جبکہ پٹرولنگ پولیس کے دستوں کو بھی چوکس رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں و دیگر تقریبات کے منتظمین کو چاہیے کہ وہ اپنے رضا کار سکیورٹی گارڈز کو بھی متحرک رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے امن کمیٹی کے ارکان سمیت تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کی مثالی معاونت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی،بھائی چارے اور اتحاد و اتفاق کے ایسے شاندار ماحول میں امن کا قیام قابل بھروسہ ہے۔اجلاس کے دوران علماء کرام نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید میلادالنبیﷺ کے جلوسوں کے حوالے سے انتظامیہ سے معاونت کی جائے گی۔ امن کمیٹی کے ارکان نے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے انتظامات کے حوالے سے بعض امور کی نشاندہی کی۔آخر میں ملک و قوم کی ترقی،امن وآشتی،اتحاد و اتفاق اور خیر و برکت کے لئے دعا کی گئی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button