جائیکا کے صدر ڈاکٹر اکی ہیکو تناکا کا دورۂ پاکستان، فیصل آباد واٹر سپلائی منصوبے کا جائزہ لیں گے


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) جاپان کی بین الاقوامی تعاون ایجنسی (JICA) کے صدر ڈاکٹر اکی ہیکو تناکا اپنے پہلے سرکاری صدارتی دورۂ پاکستان کے دوران ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گے اور مستقبل میں دوطرفہ تعاون، بالخصوص جاپانی سرکاری ترقیاتی قرض (ODA Loan) کے امکانات پر اعلیٰ سطحی مشاورت کریں گے۔ یہ جائیکا کے کسی صدر کا 2020 کے بعد پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ دورے کے دوران ڈاکٹر تناکا وزیراعظم پاکستان، وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے، جبکہ جائیکا کے تعاون سے مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کا بھی معائنہ کریں گے-دورے کی اہم ترین سرگرمی فیصل آباد واٹر سپلائی امپروومنٹ پراجیکٹ کا جائزہ ہوگی، جسے پاکستان میں جاپان کے نمایاں شہری ترقیاتی منصوبوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ فیصل آباد، جو ملک کا تیسرا بڑا شہر ہے، بڑھتی ہوئی آبادی اور شہری توسیع کے باعث پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے چیلنجز سے دوچار رہا ہے-جائیکا نے 2016 سے 2019 کے دوران فیصل آباد واٹر سپلائی، سیوریج اینڈ ڈرینیج ماسٹر پلان کی تیاری میں معاونت فراہم کی، جس کے تحت 2038 تک شہر میں پانی اور نکاسیٔ آب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا جامع روڈ میپ تیار کیا گیا۔ اسی منصوبے کے تحت جائیکا نے تقریباً 4.094 ارب جاپانی ین کی گرانٹ فراہم کی، جس سے اولڈ جھال کھانوآنہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور جدید ترسیلی و تقسیمی نظام تعمیر کیا گیا۔ یہ پلانٹ روزانہ تقریباً 50 لاکھ گیلن پانی صاف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اپریل 2025 سے فعال ہے۔ڈاکٹر تناکا اپنے دورۂ فیصل آباد کے دوران اولڈ جے کے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ، پانی کی ترسیل کے جدید نظام اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے بہتر بنائے گئے آپریشنل نظام کا بھی معائنہ کریں گے۔ اس موقع پر مستقبل میں جاپانی او ڈی اے قرض کے ذریعے منصوبے میں مزید توسیع کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔جائیکا کے مطابق ان منصوبوں کا مقصد شہریوں کو محفوظ، معیاری اور پائیدار پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانا اور فیصل آباد کے کامیاب ماڈل کو ملک کے دیگر شہروں تک توسیع دینا ہے۔ ادارے نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ حکومتِ پاکستان کے ساتھ مل کر عوام کی فلاح، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔



