Making the property transfer system easier, Asif Chaudhry

درخواست گزاروں کو ریلیف کی فراہمی میں مزید بہتری لائی جارہی ہے، ڈی جی ایف ڈی اے

Faisalabad (94 news) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہاہے کہ ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس کی جائیدادوں کی منتقلی کے سسٹم کو انتظامی لحاظ سے مزید جامع و آسان بنایا جارہاہے اس سلسلے مختلف اصلاحات کے ذریعے فریقین کو ہمہ جہت دفتری و انتظامی سہولیات فراہم کرینگے۔
انہوں نے یہ بات ایف ڈی اے کمپلیکس میں شعبہ ٹرانسفر آف پراپرٹی کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل عابد حسین بھٹی، چیف انجینئر مہرایوب، پی ایس او ساجد شبیر گجراوردیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ٹرانسفر آفیسر عابد اشرف بٹ نے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کو جائیدادوں کی منتقلی کے طریقہ کار اور فریقین کیلئے دستیاب سہولیات سے آگاہ کیا۔ڈائریکٹر جنرل نے کہاکہ پراپرٹی کی ٹرانسفر کا نظام گہری توجہ اور مکمل شفافیت کا متقاضی ہے اس سلسلے میں دفتری کارروائی اور ٹرانسفر سسٹم کو فول پروف رکھنے میں کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے۔ انہوں نے کہاکہ شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں مزید وسعت لانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے نتیجہ میں ٹرانسفر سسٹم مزید مستعدو قابل اعتماد ہوگا۔انہوں نے بتایاکہ پراپرٹی کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے جدید نظام کی بدولت پراپرٹی مالکان کوسمارٹ کارڈز کی فراہمی کے علاوہ اونر شپ سرٹیفکیٹس کے اجراء میں تاخیر کاخاتمہ ہوگا جبکہ اس نظام کے تحت درخواست کو ای چالان جاری کئے جائینگے جوکہ جدت، مکمل شفافیت کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور سٹاف سے کہاکہ وہ دفتری امور کو تیز رفتاری سے نمٹانے کیلئے اپنے آپ کو نئی اصلاحات کے مطابق ڈھالیں تاکہ عمدہ سروس ڈیلیوری کے مقاصد پورے کرنے میں کوئی رکاوٹ باقی نہ رہے۔ انہوں نے کہاکہ جائیدادوں کی ٹرانسفر کے شعبہ میں فریقین کیلئے بہتری ماحول کیساتھ ہرممکن انتظامی سہولتیں فراہم کریں تاکہ انتظار کی صورت میں انہیں دقت محسوس نہ ہو۔
ڈائریکٹرجنرل نے جائیدادوں کی ٹرانسفر کیلئے آئے ہوئے شہریوں سے ملاقات بھی کی اور ان سے ایف ڈی اے کی سروسز کے معیار کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ درخواست گزاروں کو تیز رفتار ریلیف کی فراہمی کے اقدامات میں مزید بہتری لائی جارہی ہے اس سلسلے میں تمام شعبہ جات کی کارکردگی کی مسلسل مانیٹرنگ کررہے ہیں۔انہوں نے شعبہ ٹرانسفر کے افسران وسٹاف سے کہاکہ فریقین کو جائیداد کے انتقال کیلئے دفتری تقاضوں اور ضروری دستاویزات کے بارے میں ایک ہی بار مکمل آگاہی فراہم کریں تاکہ انہیں باربار دفتر کے چکر نہ لگانا پڑیں۔