Breaking NewsSportsUrdu News

عبدالرزاق کس نوجوان پاکستانی کھلاڑی کے ”فین “ ہوگئے ؟ جانئے نوجوان بولر نے موقع ملتے ہی اپنی صلاحیتوں کا واضح اظہار کردیا:سابق آل راﺅنڈر

لاہور (ویب ڈیسک) فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی نے آسٹریلیا کے خلاف تباہ کن باﺅلنگ کا مظاہرہ کرکے سابق سٹار آل راﺅنڈر عبدالرزاق کا دل بھی جیت لیا، ان کا کہنا ہے کہ نوجوان باﺅلر نے موقع ملتے ہی اپنی صلاحیتوں کا واضح اظہار کردیا۔تفصیلات کے مطابق شاہین شاہ آفریدی زمبابوے میں جاری ٹرائنگولر سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں پاکستان کی 45 رنز سے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، انھوں نے اپنے سپیل کی دوسری ہی گیند پر ان فارم آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کو آﺅٹ کرنے کے ساتھ ساتھ 37 رنزدے کر 3 وکٹیں لیں۔میڈیا سے گفتگو میں عبدالرزاق نے شاہین کی باﺅلنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ گذشتہ تین سیریز سے ٹیم کے ساتھ سفر کررہے تھے مگر اب ان کو موقع ملا جس سے انھوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا، وہ کچھ ماہ قبل ہی 18 برس کے ہوئے ہیں مگر کسی منجھے ہوئے باﺅلر کی طرح گیند بازی کررہے ہیں جو ان کی سخت محنت کا ثبوت ہے، وہ کافی باصلاحیت اور ذہین ہونے کے ساتھ بیٹسمین کو پریشان کرنے کا گر جانتے ہیں۔عبدالرزاق کا مزید کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی نے وہی کیا جو ان سے کپتان چاہتے تھے، انھوں نے پاکستان ٹیم کے سب سے بڑے خطرے فنچ کو آﺅٹ کیا اور میچ کا رخ ہی بدل دیا۔ سابق آل راﺅنڈر نے بیٹنگ لائن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کینگروز سے گذشتہ میچ میں پاکستانی بیٹسمین بلی سٹین لیک کے باﺅنسرز سے ڈیل نہیں کرپائے تھے مگر اس بار انھوں نے زیادہ عمدگی سے سامنا کیا، خاص طور پر فخر زمان کی پرفارمنس شاندار رہی۔نوجوان کھلاڑیوں کی ٹیم میں انٹری کے بارے میں عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ یہ اچھی بات ہے کہ نوجوان پلیئرز ٹیم میں آرہے اور پرفارم کررہے ہیں، صاحبزادہ فرحان نے ابھی صلاحیتوں کا اظہار نہیں کیا تاہم میں سمجھتا ہوں کہ وہ فائنل میں حارث سہیل کا اچھا متبادل ثابت ہوسکتا ہے۔

Show More

Related Articles

Back to top button