ترقیاتی پروگرام کی سکیموں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ایم ڈی واسا

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) مینجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے خبردار کیا ہے کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری سکیموں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ سست روی کا مظاہرہ کرنے والے کنٹریکٹرز کو نوٹسز جاری کئے جائیں۔ اے ڈی پی کے تحت ترقیاتی منصوبوں کے تعمیراتی کاموں کی پیشرفت کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کے تعمیراتی کاموں کی رفتار کو تیز کیا جائے جبکہ شفافیت برقرار رکھنے کے لئے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے۔ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے کنسلٹنٹ ایجنسی نیسپاک کو واضح کیا کہ جھنگ روڈ پر تعمیراتی کام ایک ہفتہ کے اندر اندر شروع کروایا جائے جبکہ پی ایس 34 پر تعمیراتی کام کل ہرصورت شروع ہونا چاہئے اسی طرح این ایل سی کے تمام کام بھی آئندہ ایک ہفتہ میں شروع کروائے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پائپس بچھانے کے کاموں کو فل سپیڈ کے ساتھ جاری رکھا جائے اور ایک دن میں کم از کم 2 ہزار فٹ کی لائن لگائی جائے، اسی طرح نیسپاک ترقیاتی منصوبوں کے ڈیزائنز کو ہر صورت مکمل کریں۔ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے واضح کیا کہ جاری ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت بارے ہفتہ وار رپورٹ فراہم کی جائے اور مرتب کردہ ٹائم لائن کے مطابق تعمیراتی کام ہر صورت مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل انتہائی ضروری ہے کیونکہ ان سکیموں کے مکمل ہونے سے شہریوں کو سیوریج مسائل میں نمایاں ریلیف ملے گا۔



