قومی

ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کاعبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے تعمیراتی کام کا معائنہ، تیزرفتاری سے مکمل کرنیکی خصوصی ہدایات

فیصل آباد (94 نیوز) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کی زیر نگرانی حکومت پنجاب کی خصوصی منظوری سے شروع کئے گئے عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کا میگا پراجیکٹ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے جسے نگران وزیراعلی پنجاب کی طرف سے دیئے گئے ہدف مطابق مکمل کرنے کے لیئے ڈبل شفٹ میں تعمیراتی کام کیا جا رہا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے جاپان میں تربیتی پروگرام میں شرکت کے بعد وطن واپسی پر فی الفور عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور زیر تعمیر حصوں کو چیک کرتے ہوئے پراجیکٹ کی تیز رفتار تکمیل کے لئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب نے ڈی جی ایف ڈی اے کو عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے میگا پراجیکٹ پر عملدرآمد کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اب تک 16 پائلز مکمل اور اڈھائی سو فٹ ریٹینگ والز تعمیر ہو چکی ہیں جبکہ کڑی مانیٹرنگ کے ذریعے تعمیراتی کام میں اضافہ کیا جارہا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ تعمیراتی مدت کے حوالے سے حکومت پنجاب کے مقررہ ٹارگٹ کے حصول کے لئے انتظامی تعمیراتی کاوشوں کو ہر صورت نتیجہ خیز بنایا جائے اس سلسلے میں سست روی یا عدم توجہی کی قطعاً گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر تعمیراتی کام اور میٹریل کی ترسیل محفوظ اور منظم ہونی چاہیے۔ انہوں نے تعمیراتی کمپنی کے انجینئرز سے کہا کہ وہ پراجیکٹ کے تمام تقاضوں کو بروقت پورا کریں اور کام کی رفتار میں کسی لمحہ بھی تعطل نہیں آنا چاہیے۔ انہوں نے تاکید کی کہ منصوبے کے لئے زمین کی کھدائی اور تعمیراتی سرگرمیوں کو محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی حصار کو یقینی بنائیں اور عوامی آگاہی و راہنمائی کے لئے نمایاں جگہوں پر معلوماتی بورڈز آویزاں کریں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ منصوبے کے قرب وجوار میں ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہونی چاہیے جبکہ گردوغبار اور دیگر فضائی آلودگی کے تدارک کے لیے بھی جامع اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے شہری ترقی کے اس پراجیکٹ کی افادیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا شہریوں کو اندرون شہر بلا رکاوٹ آمدورفت کی آسان سہولیات فراہم کرنے کے لئے حکومت پنجاب نے ایک ارب 36 کروڑ روپے کے خطیر فنڈز سے فلائی اوور کے اس میگا پراجیکٹ کی خصوصی منظوری دی ہے جو کہ انتہائی خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ منصوبے کی تیز رفتار تکمیل میں تعاون کرتے ہوئے تعمیراتی سرگرمیوں میں پیش آمدہ مشکلات کو در گزر کریں کیونکہ قومی و شہری ترقی کے اس منصوبے کا اولین مقصد عوامی ریلیف و بہبود ہے جو مستقبل کے ضروریات اور تقاضوں کے مطابق سماجی و معاشی ترقی کا آئینہ دار ہوگا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button