ایف ڈی اے کمپلیکس میں یوم آزادی کے موقع پر دعائیہ تقریب، پرچم کشائی اور ریلی کا اہتمام


فیصل آباد (94 نیوز) یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر ایف ڈی اے کمپلیکس کی مسجد میں ایک پُروقار دعائیہ تقریب اور قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں ایف ڈی اے کے افسران، ملازمین عام شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ امام مسجد حافظ محمد فہیم نے دعا کرائی اور شرکاء نے آزادی کی نعمت پر اللہ تبارک وتعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، استحکام، ملی یکجہتی اور امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ اس موقع پر شہدائے وطن کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے بھی دعا کی گئی۔ دعائیہ تقریب اس بات کا ثبوت ہے کہ ایف ڈی اے نہ صرف اپنی محکمانہ ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے بلکہ قومی تہواروں و روایات کو بھی پوری عقیدت اور جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ بعد ازاں قائمقام ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند کی سربراہی میں ایف ڈی اے کے افسران و سٹاف نے کمشنر آفس کے سبزہ زار میں منعقدہ پرچم کشائی کی مرکزی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے قائمقام ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے کہا کہ آج ہم 78واں یوم آزادی نئے عزم و جذبے اور معرکہ حق میں شاندار فتح کی خوشیوں کے ساتھ منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ایک آزاد وطن کے خواب کی تعبیر کے لیے اپنی جانیں نچھاور کر دیں۔ انہوں نے ان تمام شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کیا جن کی بے مثال قربانیوں کے بدولت آج ہم ایک آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ قیصر عباس رند نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور اس کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے، ہمیں چاہیئے کہ ہم اتحاد و یگانگت کی مثالی فضا میں اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھرپور محنت کریں، اپنے اپنے شعبوں میں ایمانداری اور لگن سے کام کر کے ہی ہم بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے خوابوں کو عملی شکل دے سکتے ہیں۔ انہوں نے بحیثیت قائمقام ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے یقین دلایا کہ فیصل آباد کی ترقی اور خوبصورتی کے لیے ہماری ٹیم پرعزم ہے، ہم سب کو مل کر اس شہر کو ایک مثالی شہر بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے ”پاکستان ہمیشہ زندہ باد” کا نعرہ لگاتے ہوئے کہا کہ آئیے آج کے دن یہ عہد کریں کہ ہم اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں پر کاربند رہیں گے اور اپنے ملک کی ترقی و سلامتی کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔



