ایف ڈی اے نے شجرکاری مہم میں پانچ ہزار پودے لگانے کا ہدف مقررکیا ہے، محمد آصف چوہدری ڈائریکٹر جنرل


فیصل آباد (94 نیوز) ایف ڈی اے کے زیر اہتمام رواں شجرکاری مہم کے دوران پانچ ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے مون سون شجرکاری مہم کے حوالے سے ایف ڈی اے سٹی میں پودا لگاتے ہوئے بتائی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے دلاور خاں چدھڑ، چیف انجینئرمہرایوب ، ڈائریکٹر فنانس یاسر اعجاز چٹھہ ، انچارج ہارٹیکلچر رانا سجاد ودیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کے ہمراہ دیگر افسران نے بھی ایف ڈی اے سٹی بلاک اے سیون کے سنٹرل پارک میں سکھ چین ، ٹرمنیلیا اوردیگر اقسام کے پودے لگائے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ شجرکاری مہم کو نتیجہ خیز بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی اس سلسلے میں اہداف سے بڑھ کر پودے لگانے کے مشن کو مکمل کریں گے جس کیلئے نجی شعبہ کو بھی متحرک کیا جا رہا ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے درختوں کی اہمیت و افادیت کا ذکر کرتے ہوئے کہ ماحول کو فضائی آلودگی سے پاک رکھنے کے لئے درخت قدرتی مشین کا کام کرتے ہیں، انسانی بقا کیلئے دھرتی پر ان کا وجود ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی حسن میں اضافہ اور متوازن موسم کیلئے شجرکاری میں سماجی تعاون اشد ضروری ہے لہزا ہر شہری کو اپنے حصے کا پودا لگا کر اس دیکھ بھال اور نشوونما میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے بتایا کہ ایف ڈی اے سٹی میں 84 کنال رقبہ پر ماڈل سنٹرل پارک قائم کیاجارہاہے جس میں انواع واقسام کے مفید و خوبصورت پودے لگائے جا رہے ہیں جبکہ اس پارک میں میاواکی فاریسٹ کیلئے بھی جگہ مختص کی گئی ہے جس میں درختوں کی بہتات سے پارک کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بتایاکہ سنٹرل پارک میں قائم کی جانیوالی خوشنما اور جاذب نظر جھیل بھی شہریوں کیلئے کشش کا باعث ہوگی جبکہ جوگنگ ٹریک کے علاوہ بڑوں اور بچوں کی دلچسپی اور پرسکون ماحول میں سیروتفریح کیلئے دیگر کئی اقدامات سے اس پارک کو منفرد حیثیت کا درجہ ملے گا ۔ انہوں نے شعبہ ہارٹیکلچر کے افسران و سٹاف سے کہا کہ وہ ایف ڈی اے سٹی کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے کمر بستہ ہوجائیں اس سلسلے میں سائنسی اصولوں کے مطابق تمام پبلک پارکس، گرین بیلٹس اوردیگر دستیاب جگہوں پر شجرکاری اور لینڈ سکیپنگ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے شعبہ ٹائون پلاننگ کے افسران سے کہاکہ وہ پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائٹیز میں شجرکاری کی تحریک کو آگے بڑھائیں اس ضمن میں ہر سوسائٹی کیلئے درخت لگانے کا ہدف مقرر کر کے اس پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کریں تاکہ وطن عزیز کو درختوں کی بدولت سے مالامال کرکے موسمی تغیرات اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں کوئی کسر باقی نہ رہے ۔انہوں نے شجرکاری میں حصہ لینے سے متعلق عوامی آگاہی مہم بھی جاری رکھی جائے تاکہ درخت لگانے کے احساس کو اجاگر کرکے مطلوبہ مقاصد حاصل کئے جا سکیں۔



