قومی

اپوزیشن جماعتوں کا اسلام آباد دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (94 نیوز) اپوزیشن جماعتوں نے اسلام آباد دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق آل پارٹی کانفرنس آزادی مارچ کے مستقبل کے حوالے سے ڈیڈ لاک کا شکار ہو گئی جبکہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے دی جانے والی تجاویز پر مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی ایک بار پھر اختلاف کا شکار ہو گئیں۔

ذرائع کے مطابق دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ آج ہونے والی کل جماعتی کانفرنس میں کیا گیا۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ جے یو آئی (ف) نے اپنے 15 اراکین قومی اسمبلی سے استعفے طلب کر لیے ہیں جو قیادت کے پاس رہیں گے اور مناسب وقت پر ان کا استعمال کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جو متفقہ فیصلہ ہو گا اس کا اعلان جلسہ گاہ میں جا کر کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ کارکنان ہماری جانب دیکھ رہے ہیں، ہم اتفاق رائے کے ساتھ آگے جانا چاہتے ہیں۔

اجلاس کے دوران ن لیگ نے مؤقف اختیار کیا کہ غیر جمہوری عمل کی حمایت نہیں کرسکتے۔ ن لیگ کے وفد نے مشورہ دیا کہ پرامن مارچ کی مکمل حمایت کریں گے تاہم پرتشدد سرگرمی میں ساتھ نہیں دیں گے۔ مولانا کی جانب سے وزیر اعظم کے استفعے کی ڈیڈ لائن پھر آج رات ختم ہونے والی ہے۔دوسری جانب صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا عبد الواسع نے استعفٰے جمع کرانے کی تصدیق کردی۔انہوں نے بتایا کہ مجھ سمیت جے یو آئی ایف کے تمام ارکان نے اپنے استعفے مولانا فضل الرحمان کو جمع کرا دیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اے پی سی کے بعد جماعت کا اہم اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کمر میں تکلیف کے باعث کانفرنس میں شرکت سے معذرت کر لی تھی۔ دوسری جانب چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے بہاولپور میں موجودگی کے باعث آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کی۔

مزید

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Close