قومی

بجلی مزید 2 روپے 80 پیسے فی یونٹ بڑھائے جانے کا منصوبہ تیار

اسلام آباد (94 نیوز) وفاقی حکومت کا بجلی کے نرخ مزید 2 روپے 80 پیسے فی یونٹ بڑھائے جانے کا منصوبہ۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے 5 ماہ میں بجلی مزید 2 روپے 80 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔ رواں ماہ بجلی کا بنیادی ٹیرف 63 پیسے فی یونٹ مہنگا کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جبکہ جولائی میں بجلی مزید 2 روپے17 پیسے فی یونٹ مہنگی کی جائے گی۔
کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی نے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس گذشتہ روز ( جمعرات کو) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں نظرثانی شدہ سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان ( جولائی 2021ء – جون 2023ء ) کی منطوری دی گئی۔

اس پلان کے تحت رواں سال جولائی تک دو مراحل میں بجلی کے فی یونٹ نرخ 2 روپے 80 پیسے بڑھائے جائیں گے۔

اس اقدام سے حکومت کو صارفین سے 292 ارب روپے حاصل ہونے کی توقع ہے جس سے گردشی قرض کو کم کرنے میں مدد ملنے کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ بجلی کے نرخوں میں بے انتہا اضافے کے باوجود حکومت گردشی قرض ( سرکلر ڈیٹ ) پر قابو پانے میں ناکام ہے۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ موجودہ حکومت کے40 ماہ میں سرکلر ڈیٹ ایک ہزار328 ارب روپے بڑھا۔ کابینہ کی توانائی کمیٹی نے بجلی کے نرخوں میں اضافے کا فیصلہ آئی ایم ایف کے ساتھ مفاہمت کی بنیاد پر کیا ہے جس کے تحت فروری 2022ء سے جون 2023ء تک صارفین سے اضافی 292 ارب روپے وصول کرکے گردشی قرض کو نیچے لایا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 63 پیسے کے اضافے کا اطلاق اسی ماہ ہونے کی توقع ہے جس سے حکومت کو 85 ارب روپے حاصل ہوں گے۔ 2 روپے 17پیسے کا اضافہ جولائی سے کیا جائے گا جس سے صارفین پر 207 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔ جون 2022ء تک بجلی کا بنیادی ٹیرف18 روپے9 پیسے فی یونٹ کرنے کا منصوبہ ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button