تقریبات/سیمینارز

امام اعظم ابو حنیفہؒ اور مولانا محمد سردار احمد قادری چشتی کا عرس عقیدت واحترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

فیصل آباد (94 نیوز) آستانہ عالیہ محدث اعظم پاکستان مرکزی سنی رضوی جامع مسجد جھنگ بازار فیصل آباد میں سالانہ عرس امام اعظم ابو حنیفہؒ اور مولانا محمد سردار احمد قادری چشتی نہایت عقیدت، احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس روح پرور اور نورانی تقریب میں شہر بھر سے علما کرام، مشائخ عظام، نعت خواں حضرات اور عاشقانِ رسول ﷺ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اولیائے کرام کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔عرس کی مرکزی تقریب سے سجادہ نشین پیر فیض رسول حیدر، مفتی محمد فضل سبحان قادری، علامہ سعید کاظمی، مولانا کوکب نورانی، محمد علی حیدر، سید امتیاز حسین شاہ کاظمی، سید ضہیب الحسن، سید ارشد الکاظمی، سید مراتب شاہ، علامہ محمد ابوبکر، مفتی لیاقت علی، علامہ محمد حامد سرفراز، مولانا محمد فضل رسول رضوی اور مولانا طیب الرضا سمیت دیگر علما و مشائخ نے خطاب کیا۔مقررین نے اپنے خطابات میں امام اعظم ابو حنیفہؒ کی فقہی خدمات، علمی مقام و مرتبہ اور امت مسلمہ کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو تفصیل سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ امام ابو حنیفہؒ وہ عظیم المرتبت فقیہ ہیں جنہوں نے قرآن و سنت کی روشنی میں فقہ اسلامی کی بنیادیں مضبوط کیں اور ایسے اصول مرتب کیے جو صدیوں بعد بھی امت کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔ آج دنیا بھر میں کروڑوں مسلمان فقہ حنفی پر عمل پیرا ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ امام اعظمؒ کی علمی کاوشیں قیامت تک زندہ رہیں گی۔علمائے کرام نے مولانا محمد سردار احمد قادری چشتی کی دینی، روحانی اور اصلاحی خدمات پر بھی روشنی ڈالی اور انہیں ایک مخلص داعی اسلام قرار دیا۔ مقررین نے کہا کہ مولانا محمد سردار احمد قادری چشتی نے اپنی پوری زندگی دین اسلام کی اشاعت، سنت نبوی ﷺ کے فروغ اور معاشرتی اصلاح کے لیے وقف کیے رکھی۔ ان کی تبلیغی جدوجہد نے بے شمار لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی پیدا کی اور آج بھی ان کے فیض سے لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سجادہ نشین پیر فیض رسول حیدر نے کہا کہ اولیائے کرام کی تعلیمات محبت، رواداری، امن اور اخوت کا پیغام دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امام اعظم ابو حنیفہؒ کی زندگی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ علم کے ساتھ ساتھ کردار کی پاکیزگی بھی ضروری ہے۔ اگر آج ہم امام ابو حنیفہؒ کے اصولوں کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کر لیں تو معاشرے سے بہت سی برائیاں خود بخود ختم ہو سکتی ہیں۔مفتی محمد فضل سبحان قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ فقہ حنفی صرف فقہی مسائل کا مجموعہ نہیں بلکہ یہ ایک مکمل نظامِ حیات ہے جو انسان کو فرد سے لے کر معاشرے تک صحیح راستہ دکھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام اعظمؒ نے ہمیشہ حق بات کہی، ظالم حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق بلند کیا اور دنیاوی لالچ کو ٹھکرا کر دین کی خدمت کو ترجیح دی، جو آج کے دور میں ہمارے لیے ایک عظیم مثال ہے۔علامہ سعید کاظمی نے کہا کہ مولانا محمد سردار احمد قادری چشتی ایک سچے عاشق رسول ﷺ اور عظیم مبلغ اسلام تھے۔ انہوں نے اپنی ساری زندگی عشقِ رسول ﷺ کے فروغ اور نوجوان نسل کی اصلاح میں گزار دی۔ ان کا اندازِ تبلیغ انتہائی نرم، محبت بھرا اور حکمت پر مبنی تھا جس کی وجہ سے لوگ ان کی بات کو دل سے قبول کرتے تھے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button