الائیڈ ہسپتال ٹو میں پارکنگ کمپنی کے ملازم کی طرف سے خاتون کو گالیاں اور تھپڑ مارنے کی کوشش، سول سوسائٹی کا ضلع کونسل میں احتجاج کا اعلان


فیصل آباد (میاں ندیم سے) فیصل آباد کے الائید ہسپتال ٹو میں پارکنگ کمپنی کے ملازم کی طرف سے خاتون کیساتھ بدتمیزی کا معاملہ، ہسپتال انتظامیہ بھی خاموش اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بھی ابھی تک اس معاملے میں کوئی اقدام نہیں کیا گیا، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پارکنگ کمپنی کا ملازم کس طرح ایک خاتون کیساتھ بدتمیزی کررہا ہے، پارکنگ ملازم مقررہ ریٹ سے زیادہ پارکنگ کی فیس طلب کررہا تھا جس پر خاتون کیساتھ بحث ہوگئی خاتون نے زائد رقم ادا کرنے سے انکار کیا تو پارکنگ اہلکار خاتون کو تھپڑ مارنے کیلئے کئی بار کوشش کررہا ہے۔ اس کا ایک ساتھی اسکو روکنے کی بھی کوشش کررہا ہے، باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ یہ پارکنگ انسپکٹر کا رشتے دار ہے اور پارکنگ کمپنی نے کچھ اس طرح کے غنڈے پال رکھے ہیں تاکہ شریف شہریوں کو ہراساں کرسکیں، فیصل آباد کی سول سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری یوسف عدنان، فاروق ایوب، ارشاد پرکاش، شبانہ رزاق، رفعت سلطانہ، نسرین بخاری، طلعت ناہید اور فرخ بشیر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے دور حکومت میں ایک سرکاری ہسپتال میں خواتین کیساتھ پارکنگ کمپنی کے غنڈے اگر اس طرح بدتمیزی کریں گے تو عام جگہوں پر کیا حال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا احترام کروانا حکومت کا فرض ہے، انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کی بات کی جاتی ہے، کہاں گیا وزیراعلیٰ کا نعرہ کے خواتین کے احترام نہ کرنے والوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے شخص پر ہراسگی کا مقدمہ درج کیا جائے اور فوری اسکو نوکری سے برخاست کیا جائے، اور پارکنگ کمپنی میں موجود ایسے تمام غنڈوں کو فارغ کیا جائے، انہوں نے کمشنر، ڈپٹی کمشنر سے بھی مطالبہ کیا کہ اس کیس کو وہ خود ڈیل کریں، بصورت دیگر سول سوسائٹی ضلع کونسل چوک میں احتجاج کریگی۔



