بین الاقوامی

تحریک انصاف کے اہم فنانسر کی برطانیہ میں درخواست ضمانت مسترد ہوگئی

لندن (94نیوز)برطانیہ میں تحریک انصاف کے اہم فنانسر عارف نقوی کی درخواست ضمانت مسترد ہو گئی ۔تحریک انصاف کے اہم ترین فنانسر اور ابراج گروپ کے بانی عارف نقوی کی ضمانت کی درخواست برطانیہ میں اس لیے مستردکر دی گئی ہے کیونکہ خدشہ ہے کہ وہ پاکستان فرار نہ ہو جائیں ۔عارف نقوی کو 10اپریل کو سکاٹ لینڈ یارڈ نے ہیتھرو ائیر پورٹ پر گرفتار کیا تھا ۔انہیں امریکہ کی درخواست پر برطانیہ میں گرفتا ر کیا گیا ۔

عارف نقوی امریکہ کو 230ملین ڈالر کے فنڈ میں خرد برد کے الزام میں مطلوب ہے ،امریکی حوالگی سے متعلق عارف نقوی کے کیس کی سماعت برطانیہ میں اگلے ماہ شروع ہو گی ۔عارف نقوی کے ابراج گروپ کا پچھلے سال ہی شیرازہ بکھر گیا تھا ،ان پر سرمایہ داروں کی طرف سے کروڑوں ڈالر کی فنڈنگ کو اپنے ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا الزام تھا ۔

معروف جریدوں وال سٹریٹ جنرل ،فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق عارف نقوی نے گرفتاری کے بعد برطانوی پولیس سے جو جو رابطے ظاہر کیے ان میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا نام بھی شامل ہے ۔

یاد رہے کہ عارف نقوی تحریک انصاف کے اہم ترین فارن سپانسر سمجھے جاتے ہیں ۔ایک ایسے موقع پر جب تحریک انصاف کے خلاف فارن فنڈنگ کے کیسز عدالتوں میں زیر التوا ہیں ،عارف نقوی کی گرفتاری حکومتی پارٹی کے لیے مزید مشکلات کا باعث بن سکتی ہے ۔

مزید براں وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے بھی متواتر ٹوئٹس کے ذریعے عوام کی توجہ اس جانب مبذول کروائی ہے ۔یاد رہے کہ ریحام خان نے اپنی کتاب میں ابراج گروپ کے سربراہ پر مالی بے ضابطگیوں کے الزام عائد کیے تھے ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button